سینیٹ اور قومی اسمبلی کے اجلاس آج ہونگے، اپوزیشن پارٹیاں فوجی عدالتوں کے قیام میں توسیع کے لیے مجوزہ قانون سازی پر مشاورت کریں گی

Mian Nadeem میاں محمد ندیم پیر 6 مارچ 2017 13:04

سینیٹ اور قومی اسمبلی کے اجلاس آج ہونگے، اپوزیشن پارٹیاں فوجی عدالتوں ..
ا سلام آباد(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔06 مارچ۔2017ء) سینیٹ اور قومی اسمبلی کے الگ الگ اجلاس آج ہوں گے، اجلاس سے پہلے اپوزیشن پارٹیوں کے اجلاس میں فوجی عدالتوں کے قیام میں توسیع کے لیے مجوزہ قانون سازی پر بات ہوگی۔پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کے اجلاس سے قبل فوجی عدالتوں کے قیام میںتوسیع کے لیے مجوزہ قانون سازی پر مشترکہ اپوزیشن کا اجلاس بھی پارلیمنٹ ہاوس میں طلب کر لیا گیا ہے۔

سینیٹ کا اجلاس چیئرمین میاں رضا ربانی کی صدارت میں 3 بجے ہو گا، جس میں مختلف قائمہ کمیٹیوں کی رپورٹس پیش کیے جانے کے ساتھ پی پی کے سینٹر رحمان ملک کی طرف سے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی طرف سے ایک بیان میں لفظ اسلامی دہشت گردی استعمال کرنے پر قرارداد پیش کی جائے گی۔

(جاری ہے)

قرارداد میں مطالبہ کیا جائے گا کہ اس حوالے سے پاکستان میں تعینات امریکی سفیر کو ایوان کے تحفظات سے آگاہ کیا جائے۔

قومی اسمبلی کا اجلاس سپیکر سردار ایاز صادق کی صدارت میں4 بجے ہو گا ،جس میں معمول کی کارروائی کے علاوہ پیپلزپارٹی کی طرف سے ملک کے بیشتر حصوں میں سوئی گیس کے نئے کنکشنز کی فراہمی میں جانبداری دیکھانے کے حوالے سے توجہ دلاﺅ نوٹس پر بحث بھی ہو گی۔سینیٹ اجلاس سے پہلے دن 2 بجے سینٹ میں مشترکہ اپوزیشن کا اجلاس سینیٹر چوہدری اعتزاز احسن کی سربراہی میں ہو گا، جس میں فوجی عدالتوں کے قیام میں توسیع کے حوالے سے اپوزیشن کی حکمت عملی مرتب کی جائے گی۔