سپر لیگ کے فائنل میچ کے لاہور میں انعقاد سے انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی میں مدد ملے گی، ریحام خان

پیر 6 مارچ 2017 00:11

لاہور۔5 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 مارچ2017ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی سابق اہلیہ ریحام خان کا کہنا ہے کہ پاکستان سپر لیگ کے دوسرے ایڈیشن میں کوئٹہ گلیڈی ایٹر کو سپورٹ کرنے آئی تھی۔ پاکستان سپر لیگ کے فائنل میچ کے لاہور میں انعقاد پر خوشی ہوئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پختونوں اور بلوچوں کا ٹیلنٹ سامنے آ رہا ہے۔

(جاری ہے)

سٹیڈیم میں شائقین کرکٹ کو دیکھ کر بڑی خوشی ہوئی ہے خاص طور پر غیر ملکی کھلاڑیوں کو پاکستان میں دیکھ کر زیادہ خوشی ہوئی ہے۔ غیر ملکی کھلاڑیوں کے ساتھ سپر لیگ کے فائنل میچ کے لاہور میں انعقاد سے انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی میں بھی مدد ملے گی۔ انہوں نے کہاکہ ہم سب کو دہشت گردوں کے خلاف متحد ہوکر لڑنا ہے، ایک میچ سے انٹرنیشنل کرکٹ واپس نہیں آئے گی تاہم یہ ایک اچھا آغاز ہے اور اس سے دنیا میں مثبت پیغام جائے گا۔ ان کا کہنا تھاکہ لاہور کے شہریوں کا رویہ بھی بہت اچھا تھا ااور کسی قسم کا ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا۔ ریحام خان نے کہاکہ جلد ہی ملک کے حالات بہتر ہوجائیں گے۔