پاکستان سپر لیگ،پشاور زلمی نے تاریخی مقابلے میں لاہور کا قلعہ فتح کرلیا

اتوار 5 مارچ 2017 23:29

پاکستان سپر لیگ،پشاور زلمی نے تاریخی مقابلے میں لاہور کا قلعہ فتح کرلیا
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار5مارچ ۔2017ئ) پاکستان سپر لیگ کے دوسرے ایڈیشن میں پشاور زلمی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 58رنز سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کرلیا ۔قذافی سٹیڈیم، لاہور میں کھیلے جارہے پاکستان سپرلیگ کے سب سے بڑے معرکے میں پشاور زلمی نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 148 رنز بنائے جس کے جواب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے احمد شہزاد اور مورنے وین نے اننگز کا آغاز کیا تو دوسرے ہی اوور میں مورنے وین ایک رنز بنا کر رن آﺅٹ ہوگئے جس کے بعد انعام الحق تیسرے نمبر پر بیٹنگ کے لیے آئے لیکن وہ بھی صرف 3 رنز پر پویلین واپس لوٹ گئے تاہم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی مشکلات میں اس وقت اضافہ ہوا جب پانچویں اوور میں حسن علی کی گیند پر زوردار شارٹ مارنے کے چکر میں گیند فضاﺅں میں بلند کردی جسے فیلڈر نے آسانی سے پکڑ کر احمد شہزاد کی اننگز کا خاتمہ کردیا، وہ صرف ایک رنز بناسکے۔

(جاری ہے)

کپتان سرفراز احمد اچھے موڈ میں دکھائی دے رہے تھے اور انہوں نے 11 گیندوں پر 22 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی لیکن محمد حفیظ کو آگے بڑھ کر کھیلنا انہیں مہنگا پڑگیا اور وہ کامران اکمل کے ہاتھوں سٹمپ آﺅٹ ہوگئے،وہاب ریاض نے 4 رنز بنانے والے سعد نسیم کی اننگز کا خاتمہ کرکے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی رہی سہی امید بھی ختم کردی، سین ایروین کی ہمت بھی 24 رنز پر جواب دے گئی، وہ محمد اصغر کا شکار بنے ،انہوں نے اگلی ہی گیند پر محمد نواز کو بھی واپس پویلین بھیج دیا یوں ان کے پاس پی ایس ایل ٹو کی پہلی ہیٹرک کرنے کا نادر موقع تھا لیکن ایمرٹ نے ان کی پہلی گیند روک کر محمد اصغر کو یہ موقع نہ دیا۔

انور علی بھی وکٹ پر موجود رہے لیکن تمام تر کوششوں کے باوجود وہ کوئی بڑی ہٹ لگانے میں ناکام رہے اور 24 گیندوں پر 20 رنز کی اننگز کھیل کر جورڈن کا شکار بنے۔ پشاور زلمی کی جانب سے محمد اصغر نے 3 ، حسن علی اور وہاب ریاض 2،2 جب کہ محمد حفیظ اور کرس جورڈن نے 1،1 کھلاڑی کو آﺅٹ کیا۔اس سے قبل کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے ڈیرن سیمی الیون کو بیٹنگ کی دعوت دی تو پشاور زلمی کی جانب سے کامران اکمل اور ڈیوڈ مالان نے اننگز کا آغاز کیا، پہلے ہی اوور میں کامران اکمل نے 3 شاندار چوکے لگاتے ہوئے 12 رنز بنائے جب کہ دوسرے اوور میں ڈیوڈ ملان نے ایک چھکے اور ایک چوکے کی مدد سے 16 رنز بٹورے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرزکے باﺅلر ایمرٹ نے اپنی شاندار باﺅلنگ سے پشاور کے دونوں اوپنرز کو پریشان کیے رکھا اور آخرکار ڈیوڈ ملان کو 17 رنز پر بولڈ کرکے پہلی کامیابی حاصل کی۔ گلیڈی ایٹرز کے باﺅلرز نے زلمی کے بیٹسمینوں کو 9 اوورز تک کھل کر کھیلنے کا موقع نہ دیا ، 10ویں اوور میں کامران اکمل اور مارلن سیموئلز نے حسن خان کے اوور میں 18 رنز بٹورے لیکن انہوں نے اوور کی آخری گیند پر کامران اکمل کو آﺅٹ کردیا، انہوں نے 40 رنز کی اننگز کھیلی۔

11ویں اوور کی پہلی ہی گیند پر محمد نواز نے سیمیولز کو 19 رنز پر بولڈ کرکے زلمی کی مشکلات میں مزید اضافہ کیا جس کے بعد خوشدل شاہ اور محمد حفیظ بیٹنگ کیلئے آئے، حسان نے اگلے ہی اوور میں خوشدل شاہ کو صرف ایک رنز پر پویلین واپس بھیجا تو شاہد آفریدی کی جگہ ٹیم میں شامل کیے جانے والے افتخار احمد بیٹنگ کے لیے آئے لیکن تمام تر کوششوں کے باوجود وہ بڑے شارٹس لگانے میں ناکام رہے جس کی بدولت ابتدائی اوور میں اچھا آغاز کرنے کے باوجود پشاور زلمی بڑا سکور کرنے میں ناکامی رہی ،ایمرٹ نے پہلے محمد حفیظ کو 12 رنز پر آﺅٹ کیا اور اگلی ہی گیند پر افتخار احمد کو بھی پویلین واپس بھیج دیا، انہوں نے 21 گیندوں پر 14 رنز بنائے۔

سیمی اور جورڈن نے آخری 2اوورز میں 33رنز سکور کرکے مقررہ اوورز میں پشاور کا سکور 148رنز تک پہنچایا ، سیمی 28اور جورڈن 8رنز کیساتھ ناٹ آﺅٹ رہے ، کوئٹہ کیلئے ایمرٹ نے 3،حسان خان نے 2اور نواز نے ایک وکٹ لی ۔ پشاور زلمی نے سیمی فائنل میں زخمی ہونے والے شاہد آفریدی کی جگہ ٹیم میں افتخار احمد کو شامل کیا ہے۔

متعلقہ عنوان :