دورحاضرمیں میڈیاکی اہمیت کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا‘ سید وجاہت علی

اتوار 5 مارچ 2017 23:00

حیدرآباد - (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 مارچ2017ء) ڈائریکٹر جنرل پبلک ریلشنزسندھ سید وجاہت علی نے کہا ہے کہ دورحاضرمیں میڈیاکی اہمیت کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتااورعوام تک خبروں اور معلومات کی ترسیل جدید میڈیا کے ذریعے ہی ممکن ہے اورجمہوری معاشرے میں آزاد میڈیا کا ایک اہم ترین کردارہوتا ہے۔یہ بات انہوں نے ڈویزنل ڈائریکٹوریٹ آف انفارمیشن حیدرآباد کا دورہ کرنے کے موقع پرافسران و عملے کے ساتھ اجلاس کے موقع پر کہی۔

انہوں نے اس موقع پر افسران و عملے پر زور دیا کہ وہ حکومت سندھ کی جانب سے شروع کردہ عوامی فلاح و بہبود کے ترقیاتی منصوبوں کومیڈیا کے ذریعے نمایاں کریں تاکہ زیادہ سے زیادہ ان منصوبوں کے ثمرات عوام تک منتقل کئے جاسکے۔ اس کے علاوہ انہوں نے میڈیا کے نمائندوں کوان کے پیشہ ورانہ فرائض کی انجام دہی میں زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پرڈویزنل ڈائریکٹر انفارمیشن حیدرآباد خورشید علی شیخ نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ حیدرآباد ڈویزن کی کارکردگی صوبے کے دیگرڈویزن سے بہت بہتر ہے اورسرکاری سرگرمیوں کی میڈیا کوریج بھی بہت زیادہ ہے۔ انہوں نے انفارمیشن حیدرآبادکو درپیش مسائل سے بھی آگاہ کیاجس پرڈائریکٹر جنرل پبلک ریلشنزسندھ سید وجاہت علی نے ڈویزنل ڈائریکٹوریٹ انفارمیشن حیدرآباد کوجدید مشینری اوردیگر مطلوبہ اشیاء کی فراہمی کی یقین دہانی کرائی ۔ اس موقع پرڈپٹی ڈائریکٹر انفارمیشن حیدرآباد شہزاد شیخ کے علاوہ دیگر افسران اور عملے کے لوگ بھی موجود تھے۔