پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کی بدولت پاکستان اور چین کے تعلقات اقتصادی دوستی میں تبدیل ہورہے ہیں ،علماء کرام قوم کی رہنمائی کرتے ہوئے امن وسلامتی کے پیغام کو عام کریں،جمعیت علماء اسلام کے امیر رکن قومی اسمبلی مولانا فضل الرحمن کا کوئٹہ میں خطاب

اتوار 5 مارچ 2017 22:41

کوئٹہ۔05مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 مارچ2017ء) جمعیت علماء اسلام کے امیر رکن قومی اسمبلی مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کی بدولت پاکستان اور چین کے تعلقات اقتصادی دوستی میں تبدیل ہورہے ہیں،علماء کرام قوم کی رہنمائی کرتے ہوئے امن وسلامتی کے پیغام کو عام کریں،دینی مدارس کے طلباء اور علماء کرام ملک کے وفادار ہے جو پاکستان کی سلامتی خوشحالی اور روشن مستقبل کے لیے پر امن اور آئینی جدوجہد کررہے ہیں۔

ان خیالات کااظہارانہوں نے اتوار کو کوئٹہ کے ہاکی گرائونڈ میں بلوچستان بھر سے آئے ہوئے دینی مدارس کے متہمین ،علماء کرام اور خطباء سے خطاب کرتے ہوئے کیا،اس موقع پر جمعیت علماء اسلام کے مرکزی جنرل سیکرٹری مولانا عبدالغفور حیدری ،ملک سکندر خان ایڈوکٹ ،بلوچستان اسمبلی میں جمعیت علماء اسلام کے پارلیمانی لیڈر مولانا عبدالواسع ،سابق رکن قومی اسمبلی مولانا عصمت اللہ ،سابق گورنر سید فضل اللہ آغا،مولانا ولی ترابی ،حاجی عبدالباری اچکزئی ،سابق صوبائی وزیر عبدالواحد صدیقی اور سید مطیع اللہ آغا بھی موجودتھے۔

(جاری ہے)

مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ جمعیت علماء اسلام بلوچستان ،سندھ اور خیبر پشتونخوا میںبڑی پارٹی بن کر اُبھر رہی ہے اس لیے ضروری ہے کہ جے یو آئی کے کارکنان پسماندہ طبقات کو مشکلات سے نکالنے کے لیے انکی بھر پور رہنمائی ومعاونت کا فریضہ سرانجام دیں۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے جید علماء کرام کے اجتماع میں شرکت میرے سعادت کا باعث ہے اورجے یو آئی کی تاریخ پر ہمیں فخر ہے جو اسلاف اور آکابرین کی جدوجہد قربانیوں سے بھری ہوئی ہے جبکہ امن انسانیت کا بنیادی حق ہے اور جمعیت علماء اسلام غریبوںکے حقوق کی علمبردار اور امن کی داعی جماعت ہے ۔