کوئٹہ سمیت بلوچستان کے دیگر علاقوں میں پی ایس ایل کا فائنل میچ بڑی اسکرینوں پر دکھایا گیا

اتوار 5 مارچ 2017 22:20

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 مارچ2017ء) وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثنا ء اللہ خان زہری کی کھیلوںبالخصوص کرکٹ سے دلچسپی اور محبت کے پیش نظر ان کی خصوصی ہدایت کی روشنی میں کوئٹہ خضدار سمیت تمام ڈویژنل ہیڈکوارٹرز میں پی ایس یل کا کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاور زلمئی کی ٹیموں کے درمیان کھیلے جانے والا فائنل میچ بڑی اسکرینوں پر دکھانے کا اہتمام کیا گیا۔

(جاری ہے)

کوئٹہ میں اکبر بگٹی کرکٹ اسٹیڈیم، اسپیشل ہائی اسکول اور قیوم بابے اسٹیڈیم گلستان ٹاؤن جبکہ خضدار میں فٹ بال اسٹیڈیم میںبڑی اسکرینیں نصب کی گئیں۔ جہاں ہزاروں کی تعداد میں عوام فائنل میچ سے محظوض ہوئے اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم کو بھرپور داد دی۔ اسٹیڈیم میں بہترین ماحول فراہم کیا گیا تھا اور سیکیورٹی کے بھرپور اقدامات کئے گئے تھے جہاں موسیقی اور کھانے پینے کی اشیاء کے اسٹال لگا کر عوام کو سستی اور معیاری اشیاء خوردونوش فراہم کی گئیں۔ عوامی حلقوں نے عوام کے لئے سستی اور معیاری تفریح کی فراہمی پر وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری کا شکریہ ادا کیا ہے جن کے اس اقدام کی بدولت صوبے میں کرکٹ سمیت دیگر کھیلوں کو فروغ ملے گا۔