انسانوں پر وسائل خرچ کئے بغیر ترقی کا تصور احمقانہ ہے‘میاں محمود الرشید

پنجاب میں سب سے زیادہ لا قا نونیت اور کرپشن ہے، احتساب کا موثر نظام نہیں، ڈسپلن نہیں

اتوار 5 مارچ 2017 21:41

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 مارچ2017ء) پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں محمود الر شید نے کہا ہے کہ انسانوں پر وسائل خرچ کئے بغیر ترقی کا تصور احمقانہ ہے، پنجاب میں سب سے زیادہ لا قا نونیت اور کرپشن ہے، احتساب کا موثر نظام نہیں، ڈسپلن نہیں، پنجاب میں عوام کی اکثریت صاف پانی، تعلیم اور صحت جیسے بنیادی حقوق سے محروم ہیں۔

مسلم ٹائون لاہور میں طلبہ اور ڈاکٹروں کے وفد سے الگ الگ بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ لاہور آبادی کے لحاظ سے دنیا کا 34واں، او آئی سی کا آٹھواں، جنوبی ایشیا کا چھٹا اور پاکستان کا دوسرا بڑا شہر ہے، اور یہاں قابل ذکر سرکاری ہسپتال صرف 11 ہیں، اور ان میں موجود سہولیات ناکافی ہیں، میو ہسپتال میں ایم آ ر آئی مشین سرے سے ہی موجود ہی نہیں اور 7 ایکسرے مشینوں میں سے 3خراب پڑی ہیں۔

(جاری ہے)

سروسز ہسپتال میں بھی ایم آر آئی مشین کا وجود ہی نہیں اور 9 ایکسرے مشینوں میں سے 6 خراب اور اکلوتی سی ٹی اسکین مشین بھی خراب ہے۔ چلڈرن ہسپتال میں سی ٹی اسکین مشین کبھی خریدی ہی نہیں گئی۔ اور دوسری جانب پلوں اور سڑکوں پر اربوں روپے لگائے جا رہے ہیں، صرف2 لاکھ 50 لوگوں کو سفری سہولت فراہم کرنے کیلئے 200ارب سے زائد رقم سے اورنج ٹرین کا منصوبہ شروع کیا گیا، جلد از جلد اس منصوبے کو منظور کروایا، اور اس کی تکمیل کیلئے صحت اور زراعت سمیت تمام اکاؤنٹس سے فنڈز مہیا کئے۔

وسائل، عدالتی رکاوٹیں، عوامی احتجاج یا کرپٹ بیورو کریسی کوئی بھی چیز اس کی راہ میں رکاوٹ نہیں بن سکی۔ میاں محمود الر شید نے کہا کہ جس شہر کی 10 فیصد آبادی کیلئے صرف ایک سرکاری ہسپتال ہو، جہاں ایک بیڈ پر تین تین مریض لیٹے ہوں، عورتیں ہسپتال کی سیڑھیوں میں بچوں کو جنم دیں۔ لوگ تھرڈ کلاس دوائیاں استعمال کرنے پر مجبور ہوں، زائد المعیاد دوائیاں کھانے سے 150 لوگ موت کے منہ میں چلے جائیں، شوہر کے علاج کیلئے بیو یاں زیور اور باپ کے علاج کیلئے بیٹے جائیدادیں فروخت کر دیں، وہاں صرف 2.5 فیصد لوگوں کو سفری سہولت فراہم کرنے کیلئے 200 ارب روپے کی رقم خرچ کرنا جائز ہی انہوں نے کہا کہ اگر انسان حکومت کی ترجیح ہوتے تو 200ارب روپے سے جدید سہولتوں سے لیس درجن بھر ہسپتال بن سکتے تھے، لیکن اگر انسان حکومت کی ترجیحات میں شامل ہوتے، انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف نے کے پی کے میں انسانوں کو اپنی پہلی ترجیح بنایا موقع ملا تو مرکز میں بھی ایسا ہی کریں گے۔

متعلقہ عنوان :