صحت عامہ کی سہولتوں میں بہتری ہماری پہلی ترجیح ہے ، اقدامات اور نتیجہ خیز کاوشیں رنگ لارہی ہیں‘شہبازشریف

شہروں میں جدید سہولتوں سے آراستہ ہسپتال بنائے گئے ہیں ،صوبے بھر میں ہسپتالوں کی تعمیر کے کئی منصوبوں پر کام جاری ہے مناواں میں 100بستر وں پر مشتمل جدید ہسپتال کی تعمیر کا کام تیزرفتاری سے جاری ہے ،رہائشیوں کو معیاری طبی سہولتیں ملیں گی مناواں میں 100بستروں کا ہسپتال پنجاب حکومت کا علاقے کے عوام کیلئے شاندار تحفہ ہے‘وزیراعلی پنجاب کا اجلاس سے خطاب

اتوار 5 مارچ 2017 21:41

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 مارچ2017ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی زیرصدارت اعلی سطح کا اجلاس منعقد ہوا ،جس میںمناواں میں زیرتعمیر 100 بستروں پر مشتمل ہسپتال پر ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔وزیراعلی محمد شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ صحت عامہ کی سہولتوں میں بہتری ہماری پہلی ترجیح ہے ۔اس ضمن میں اٹھائے گئے اقدامات اور نتیجہ خیز کاوشیں رنگ لارہی ہیں۔

عوام کو جدید اورمعیاری طبی سہولتوں کی فراہمی کے منصوبوں کو تیزرفتاری سے آگے بڑھایا جارہا ہے ۔صوبے کے مختلف شہروں میں جدید سہولتوں سے آراستہ ہسپتال بنائے گئے ہیں ۔صوبے بھر میں ہسپتالوں کی تعمیر کے کئی منصوبوں پر کام جاری ہے ۔انہوں نے کہاکہ مظفرگڑھ میں گورنمنٹ رجب طیب اردوان ہسپتال عوام کو اعلی معیار کی طبی سہولتیں فراہم کررہا ہے ۔

(جاری ہے)

پنجاب حکومت اس ہسپتال کی توسیع کے بڑے منصوبے پر کام کررہی ہے ۔وزیراعلی نے کہاکہ مناواں میں 100بستر وں پر مشتمل جدید ہسپتال کی تعمیر کا کام تیزرفتاری سے جاری ہے ۔منصوبے کی تکمیل سے علاقے کے رہائشیوں کو تشخیص اور علاج معالجہ کی معیاری سہولتیں ملیں گی۔تعمیر ،طبی سہولیات اورخدمات کی فراہمی کے لحاظ سے یہ ہسپتال اعلی معیار کا ہوگا۔وزیراعلی نے ہدایت کی کہ ہسپتال کیلئے بہترین ڈاکٹرز،نرسز اورپیرا میڈیکل سٹاف کا انتخاب کیا جائے ۔

انہوںنے کہاکہ مناواں میں 100بستروں کا ہسپتال پنجاب حکومت کا علاقے کے عوام کیلئے شاندار تحفہ ہے ۔ہسپتال میں ایمرجنسی کی بھی سہولت فراہم کی جائے گی۔انڈس ہسپتال کی انتظامیہ نے مظفرگڑھ رجب طیب اردوان ہسپتال اور بیدیاں روڈ ہسپتال کو کامیابی سے چلا کر عام آدمی کو معیاری طبی سہولتوں کی فراہمی میں ایک شاندار کام کیا ہے۔ہم سب نے مل کر دکھی انسانیت کی خدمت کرنی ہے۔اس ضمن میں انڈس ہسپتال کی مینجمنٹ کا کردار قابل تحسین ہے۔ چیئرمین انڈس ہسپتال ریجنل بورڈ میاں محمد احسن، چیف ایگزیکٹو آفیسر انڈس ہسپتال ڈاکٹر عبدالباری، طلحہ برکی، سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ اورمتعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :