آج کا دن پاکستان کی کامیابی اور فتح کا دن ہے، سپیکر سردار ایاز صادق

پوری قوم نے لاہور میں منعقدہ میچ سے دہشت گردی کو شکست اور پاکستانیت اور امن کو فروغ دیا ہے،سپیکرقومی اسمبلی

اتوار 5 مارچ 2017 21:41

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 مارچ2017ء) سپیکرقومی اسمبلی سردارایازصادق نے کہاہے کہ آج کا دن پاکستان کی کامیابی اور فتح کا دن ہے۔اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ لاہور میں منعقدہ کرکٹ میچ سے لوگوں کے غم اور دکھ خوشیوں میں بدل گئے ہیں۔ سپیکر قومی اسمبلی نے کہاکہ حکومت کے دانشمندانہ فیصلے نے پاکستان خصوصا لاہور کی خوشیاں لوٹا دی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم محمد نواز شریف کے فیصلے کو عملی جامہ پہنانے کے لیے وزیراعلی پنجاب شہباز شریف نے فول پروف سیکیورٹی کے جو انتظامات کیے تھے وہ قابل تحسین ہیں۔ سردار ایاز صادق نے کہاکہ وزیراعلی پنجاب شہباز شریف، شہریار خان، نجم سیٹھی، سیکیورٹی فراہم کرنے والے اداروں، ضلعی انتظامیہ اور زندہ دلان لاہور کو پی ایس ایل کے فائنل کے کامیابی سے انعقاد کرنے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ سپیکر قومی اسمبلی نے کہاکہ پوری قوم نے لاہور میں منعقدہ میچ سے دہشت گردی کو شکست اور پاکستانیت اور امن کو فروغ دیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ دشمن کے خلاف حالت جنگ میں ہونے کے باوجود پوری قوم کے عزم نے یہ ثابت کر دیا ہے کہ ہم متحد ہوکر ہر خطرے کا مردانہ وار مقابلہ کر سکتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :