پاکستان سپر لیگ سیزن IIکے فائنل میچ سے قبل رنگا رنگ تقریب کا انعقاد ،نامور گلوکاروں نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا

پاک فوج کے پیرا ٹروپرز نے اسٹیڈیم میں اترنے کا شاندار مظاہرہ کیا ،شہداء کو سلام اور خراج عقیدت پیش کیا گیا اسٹیڈیم پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونجتا رہا ،علی ظفر،فاخر،علی عظمت اور دیگر نے اپنے مشہور نغمے پیش کر کے خوب داد سمیٹی پی ایس ایل فائنل کھیلنے والی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاورزلمی کے کھلاڑیوں کو سخت سکیورٹی حصار میں اسٹیڈیم میں لایا گیا ڈیرن سیمی تقریب کے دوران میدان میں پاکستانی گلوکار فرہاد ہمایوں کے گانے پر جھومتے رہے،کرکٹرز نے شائقین کیساتھ سیلفیاں بھی بنوائیںزندہ دلان لاہور ،زندہ دلان پاکستان کی حمایت حاصل نہ ہوتی تو شاید پی ایس ایل کے فائنل کا میلہ یہاں نہ سج سکتا ‘ نجم سیٹھی ہم نے دنیا کو بتا دیا ہمیں کرکٹ کھیلنی بھی آتی ہے اور کرکٹ کھلانی بھی آتی ہے ،ہم کسی کے آگے سر نہیں جھکائیں گے‘ چیئرمین پی ایس ایل کا خطاب

اتوار 5 مارچ 2017 21:41

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 مارچ2017ء) پاکستان سپر لیگ سیزن IIکے فائنل میچ سے قبل رنگا رنگ تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں نامور گلوکاروں نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا ، پاک فوج کے پیرا ٹروپرز نے اسٹیڈیم میں اترنے کا شاندار مظاہرہ کیا ،تقریب میںدہشتگردی کیخلاف جنگ میں شہید ہونے والوں کو سلام اور خراج عقیدت بھی پیش کیا گیا ،تقریب کے دوران اسٹیڈیم پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونجتا رہا ۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان سپر لیگ سیزن IIکے فائنل کی اختتامی تقریب قذافی اسٹیڈیم لاہور میںہوئی جس کا باقاعدہ آغاز لیگ کے ترانے سے کیاگیا۔میزبانی کے فرائض احمد بٹ اور عائشہ عمر نے سر انجام دئیے ۔اختتامی تقریب کے آغاز پر پاک فوج کے پیرا ٹروپرز نے اسٹیڈیم میں اترنے کا شاندار مظاہرہ کیا ۔

(جاری ہے)

پاک فوج کے جوانوں کے زمین پر اترتے ہی اسٹیڈیم پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھتا ۔

اس موقع پر دہشتگردی کیخلاف جنگ میں شہید ہونے والوں کو سلام اور خراج عقیدت بھی پیش کیا گیا ۔ مشہور گلوکار علی ظفر نے پی ایس ایل کے ترانے ’’اب کھیل جمے گا‘‘گا کر تقریب کا آغاز کیا ۔علی ظفر ،گلوکار فاخر نے اپنے نغمے پیش کر کے جوش تماشائیوں کو مزید گرما دیاجبکہ اس موقع پر ڈھول بجانے کے فن کا بھی مظاہرہ کیا گیا ۔پی ایس ایل فائنل کھیلنے والی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاورزلمی کے کھلاڑیوں کو سخت سکیورٹی حصار میں اسٹیڈیم میں لایا گیا۔

ڈیرن سیمی تقریب کے دوران میدان میں پاکستانی گلوکار فرہاد ہمایوں کے گانے پر جھومتے رہے۔اس موقع پر پاکستان سپر لیگ کا فائنل کھیلنے والی ٹیموں پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کھلاڑیوں نے گراؤنڈ میں آکر شائقین کے ساتھ سیلفیاں بھی بنوائیںجبکہ ڈیرن سیمی نے اسٹیج پر حسن علی اور کامران اکمل کے ساتھ رقص بھی کیا۔ معروف گلوکار علی عظمت بھی اپنے فن کا مظاہرہ کیا اور مشہور زمانہ ’’ہے جذبہ جنون ‘‘’’یارو یہ دوستی ‘‘گا کرشائقین کرکٹ کے جوش کو گرما دیا۔

پاکستان سپر لیگ کے چیئرمین نجم سیٹھی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ زندہ دلان لاہور ،زندہ دلان پاکستان آپ کا بہت بہت شکریہ ، آپ نے ہماری حوصلہ افزائی کی ، پاکستان کی کرکٹ ، پی ایس ایل آپ کا اثاثہ ہے ۔ اگر آپ کی حمایت حاصل نہ ہوتی تو شاید پی ایس ایل کے فائنل کا میلہ یہاں نہ سج سکتا ۔ انہوں نے کہا کہ آج پوری دنیا دیکھ رہی ہے کہ پاکستانی مہذب اور پر امن لوگ ہیں ۔

ہمیں کرکٹ کھیلنی بھی آتی ہے اور کرکٹ کھلانی بھی آتی ہے ۔آج اس ایونٹ میں آزاد کشمیر ، گلگت بلتستان سمیت چاروں صوبوں سے شائقین کرکٹ آئے ہوئے ہیں اور انہوں نے بتا دیا ہے کہ ہم کسی کے آگے سر نہیں جھکائیں گے۔ ہمارے پاس ایسی قوت ہے کہ ہم کچھ بھی کر سکتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ میں جہاں بھی گیا لوگوں نے کہا کہ پی ایس ایل کا فائنل لاہور لے کر چلیں اس لئے اگر آپ لوگوں کا عزم نہ ہوتا تو شاید آج یہ موقع نہ آتا ،لاہور میں آپ کی وجہ سے یہ ایونٹ منعقد ہوا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے لوگ کرکٹ سے پیار کرتے ہیں ہم عوام سے پیار اور محبت کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ میں سب سے پہلے پی سی بی اور پی ایس ایل کی اپنی ٹیم کا شکریہ ادا کرتا ہوں جن کی پورا سال کی انتھک محنت سے ہم اس ایونٹ کے لاہور میں انعقاد میں کامیاب ہو سکے ہیں ۔ میں پنجاب کی انتظامیہ کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوںنے اس کی کامیابی کے لئے دن رات ایک کیا ۔

میں وزیر اعلیٰ شہباز شریف کا شکر گزار ہوں جنہوںنے کامیاب انعقاد کے لئے ہر ممکن کوشش کی اور اس کا پر امن ماحول میں انعقاد ممکن ہوا ، اس ایونٹ کو تمام سیاسی جماعتوں کی حمایت حاصل ہے ۔ وزیر اعظم نواز شریف کرکٹ بورڈ کے پیٹرن چیف ہیں میں ان کو بھی سلام پیش کرتا ہوں ۔ انہوںنے کہا کہ فائنل میں آنے والے دنوں ٹیموں کی اہمیت ہے ، ان میں سے ایک کی جیت اور ایک کی ہار ہو گی لیکن آخر میں پاکستان کی جیت ہو گی ۔