پاکستان سپر لیگ فائنل ، پشاور زلمی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو جیت کے لیے 149رنز کا ہدف دے دیا

اتوار 5 مارچ 2017 21:41

پاکستان سپر لیگ فائنل ، پشاور زلمی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو جیت کے لیے ..
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار5مارچ ۔2017ئ) پاکستان سپر لیگ کے دوسرے ایڈیشن کے فائنل میچ میں پشاور زلمی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو جیت کے لیے 149رنز کا ہدف دے دیا ہے ۔قذافی سٹیڈیم ،لاہور میں کھیلے جارہے پاکستان سپرلیگ(پی ایس ایل ) کے سب سے بڑے معرکے میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے ڈیرن سیمی الیون کو بیٹنگ کی دعوت دی تو پشاور زلمی کی جانب سے کامران اکمل اور ڈیوڈ مالان نے اننگز کا آغاز کیا، پہلے ہی اوور میں کامران اکمل نے 3 شاندار چوکے لگاتے ہوئے 12 رنز بنائے جب کہ دوسرے اوور میں ڈیوڈ ملان نے ایک چھکے اور ایک چوکے کی مدد سے 16 رنز بٹورے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرزکے باﺅلر ایمرٹ نے اپنی شاندار باﺅلنگ سے پشاور کے دونوں اوپنرز کو پریشان کیے رکھا اور آخرکار ڈیوڈ ملان کو 17 رنز پر بولڈ کرکے پہلی کامیابی حاصل کی۔

(جاری ہے)

گلیڈی ایٹرز کے باﺅلرز نے زلمی کے بیٹسمینوں کو 9 اوورز تک کھل کر کھیلنے کا موقع نہ دیا ، 10ویں اوور میں کامران اکمل اور مارلن سیموئلز نے حسن خان کے اوور میں 18 رنز بٹورے لیکن انہوں نے اوور کی آخری گیند پر کامران اکمل کو آﺅٹ کردیا، انہوں نے 40 رنز کی اننگز کھیلی۔

11ویں اوور کی پہلی ہی گیند پر محمد نواز نے سیمیولز کو 19 رنز پر بولڈ کرکے زلمی کی مشکلات میں مزید اضافہ کیا جس کے بعد خوشدل شاہ اور محمد حفیظ بیٹنگ کیلئے آئے، حسان نے اگلے ہی اوور میں خوشدل شاہ کو صرف ایک رنز پر پویلین واپس بھیجا تو شاہد آفریدی کی جگہ ٹیم میں شامل کیے جانے والے افتخار احمد بیٹنگ کے لیے آئے لیکن تمام تر کوششوں کے باوجود وہ بڑے شارٹس لگانے میں ناکام رہے جس کی بدولت ابتدائی اوور میں اچھا آغاز کرنے کے باوجود پشاور زلمی بڑا سکور کرنے میں ناکامی رہی ،ایمرٹ نے پہلے محمد حفیظ کو 12 رنز پر آﺅٹ کیا اور اگلی ہی گیند پر افتخار احمد کو بھی پویلین واپس بھیج دیا، انہوں نے 21 گیندوں پر 14 رنز بنائے۔

سیمی اور جورڈن نے آخری 2اوورز میں 33رنز سکور کرکے مقررہ اوورز میں پشاور کا سکور 148رنز تک پہنچایا ، سیمی 28اور جورڈن 8رنز کیساتھ ناٹ آﺅٹ رہے ، کوئٹہ کیلئے ایمرٹ نے 3،حسان خان نے 2اور نواز نے ایک وکٹ لی ۔ پشاور زلمی نے سیمی فائنل میں زخمی ہونے والے شاہد آفریدی کی جگہ ٹیم میں افتخار احمد کو شامل کیا ہے۔