بھٹو کے نام میں چھپ کر سیاست کرنے والے ہی بھٹو خاندان کے سب سے بڑے دشمن اور قاتل ہیں ، ممتاز بھٹو

سندھ کے اولیاء کرام اور صوفیوں کی سرزمین کو تقسیم کرنے والے خود ٹکڑے ٹکڑے ہو کر ایک دوسرے کو گناہوں کا ذمہ دار ٹھہرا رہے ہیں مسلم لیگ (ن) میں لوٹ مار کرکے مال کمانے یا کھانے نہیں بلکہ قرار داد پاکستان کے اصولوں پر مبنی ایک تحریری معاہدہ کرکے گئے تھے عوام خزانے پر بوجھ بن کر سیاست اور لوٹ ما رکرنے والوں پر لعنت بھیجتے ہیں، حیدرآباد سرکٹ ہائوس میں ورکرز اور میڈیا سے گفتگو

اتوار 5 مارچ 2017 18:40

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 مارچ2017ء) سندھ نیشنل فرنٹ کے چیئرمین ، سابق وزیر اعلیٰ سندھ سردار ممتاز علی بھٹو نے کہا ہے کہ بھٹو کے نام میں چھپ کر سیاست کرنے والے ہی بھٹو خاندان کے سب سے بڑے دشمن اور قاتل ہیں ، جنہوں نے خوب لوٹ مار اور عوام سے زیادتیاں کرکے بھٹو خاندان کو بدنام کیا ہے ۔ سندھ کے اولیاء کرام اور صوفیوں کی سرزمین کو تقسیم کرنے والے خود ٹکڑے ٹکڑے ہو کر ایک دوسرے کو گناہوں کا ذمہ دار ٹھہرا رہے ہیں ۔

مسلم لیگ (ن) میں ہم لوگ دوسروں کی طرح لوٹ مار کرکے مال کمانے یا کھانے نہیں بلکہ قرار داد پاکستان کے اصولوں پر مبنی ایک تحریری معاہدہ کرکے گئے تھے لیکن نواز شریف نے زرداری سے مفاہمت کرکے سندھ ان کے حوالے کرکے ہمیں دھوکا دیا ہے ۔

(جاری ہے)

اس کے بعد ہم نے ان کی دی ہوئی وزارت اور پارٹی عہدوں کو لات مار کر آئے ہیں ۔ ہم لوگ سیاست میں ملک و قوم کی خدمت کا اپنا ایمان سمجھتے ہیں ۔

عوام خزانے پر بوجھ بن کر سیاست اور لوٹ ما رکرنے والوں پر لعنت بھیجتے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار سردار ممتاز علی بھٹو نے حیدر آباد سرکٹ ہاؤس میں پارٹی ورکروں اور میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔ سردار ممتاز علی بھٹو نے کہا کہ سندھ اربوں روپے کے وسائل سے مالا مال ہے لیکن سندھ کے نااہل اور کرپٹ حکمرانوں کی بے دریغ لوٹ مار کی وجہ سے بھوک ، بدحالی اور غربت میں اپنے ڈیرے ڈال رکھے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی شہید ذوالفقار علی بھٹو اور میں نے بنائی تھی ۔ ہمارے پاس کوئی جادو کی چھڑی نہیں تھی بلکہ ہم نے پارٹی کے اصولوں پر مبنی نظریہ کو عوام کے سامنے رکھا اور عوام نے اس کو پذیرائی دی اور شہید بھٹو نے عوامی حکومت کرکے دکھائی اور قوم کو بتا دیا کہ جمہوریت کیا ہوتی ہے ۔ ایک سوال کے جواب میں ممتاز بھٹو نے کہا کہ میں لوٹے لٹیرے وڈیروں کی طرح نہیں ہوں ، جو روز روز اپنا ضمیر بیچ کر ٹکڑوں کے پیچھے بھاگتے ہیں ۔

میں شہید ذوالفقار علی بھٹو کا شاگرد ہوں ، جس نے ہمیں انگلی پکڑ کر اصولوں پر مبنی سیاست کرنا سکھایا ۔ زرداری پارٹی میں تو آج کل عوام کے لوٹے ہوئے مال پر دھمال ہو رہا ہے ۔ اس موقع پر امیر بخش بھٹو ، ایوب شر ، انور گجر ، اکبر کھوسو ، میر ملوک تالپور ، صدام تنیو ، غلام مصطفی مری ، مظفر سہتو ، نجیب چانڈیو ، مجید مستوئی اور دیگر عہدار و کارکنان بڑی تعداد میں موجود تھے ۔

متعلقہ عنوان :