چھپرگرام گائوں کے ہزاروں بچے تعلیم سے محروم، ہزاروں گھرانوں پر مشتمل علاقہ میں کوئی سکول موجود نہیں

ہفتہ 4 مارچ 2017 23:21

بٹگرام۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 مارچ2017ء) بٹگرام کے چھپرگرام گائوں کے ہزاروں بچے تعلیم سے محروم ہیں، ہزاروں گھرانوں پر مشتمل علاقہ میں کوئی بھی سکول موجود نہیں، اہلیان علاقہ نے وزیراعلیٰ اور محکمہ تعلیم کے اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق گائوں چھپر گرام کی سماجی شخصیت سابق ممبر یونین کونسل اجمیرہ تاج الرحمن خان نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ویلیج کونسل چھپرگرام کو شاہراہ ریشم نے دو حصوں میں تقسیم کیا ہوا ہے، آدھی آبادی مشرق کی طرف ہے جس میں زنانہ پرائمری اور ہائی سکولز موجود ہیں جبکہ مغربی حصہ جو ہزاروں گھرانوں پر مشتمل ہے، میں بچیوں کیلئے کوئی بھی سکول موجود نہیں جس کی وجہ سے ہزاروں بچوں اور بچیوں کا مستقبل تاریک ہونے کا خدشہ ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ چھپرگرام ضلع بٹگرام کا ایک مشہور علاقہ ہے لیکن محکمہ تعلیم کی غفلت کی وجہ سے اب تک مغربی علاقہ جات میں کوئی سکول نہیں بنایا جا سکا ہے۔ انہوں نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا اور محکمہ تعلیم کے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر اس معاملہ پر نوٹس لیکر چھپر گرام کے مغربی علاقوں میں بچوں کے روشن مستقبل کیلئے گرلز اور بوائز سکولز کا قیام عمل میں لائیں، اگر حکام بالا نے اس معاملہ میں دلچسپی کا مظاہرہ نہ کیا تو اہلیان مغربی چھپر گرام احتجاج پر مجبور ہوں گے۔

متعلقہ عنوان :