سیدنا ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ کے فضائل و کمالات سے تاریخ اسلام کے اوراق روشن ہیں،صاحبزادہ ڈاکٹر عزیز محمود الازہری

ہفتہ 4 مارچ 2017 22:32

سیالکوٹ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 مارچ2017ء) خلیفہ اول ،امیر المومنین حضرت سیدنا ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ کے فضائل و کمالات سے تاریخ اسلام کے اوراق روشن ہیں، آپؓ نے دین حقہ کی تبلغ و اشاعت اور سربلندی کیلئے گرانقدر خدمات سرانجام دیں اور نبی رحمتﷺ پر جانثاری کی وہ عظیم داستان رقم کی جو کہ قیامت تک کیلئے آنے والے عاشقان رسولﷺ کیلئے مینارہ نور کی حیثت رکھتی ہے۔

ان خیالات کا اظہارشیخ الحدیث رکن الاسلام جامع مجددیہ حیدر آباد(سندھ) صاحبزادہ ڈاکٹر عزیز محمود الازہری نے یہاں محلہ مجددآباد(چرنڈ) سیالکوٹ میں منعقدہ سالانہ ’’تاجدار صداقت کانفرنس‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔کانفرنس کی صدارت ضلعی چیئرمین مشائخ علماء کونسل و خلیفہ مجاز سدرہ شریف پیر سید فدا حسین شاہ زنجانی القادری نے فرمائی جبکہ تلاوت کلام پاک کی سعادت زینت القراء قاری محمد شعیب نقشبندی اور نقابت کے فرائض حافظ محمد زبیر نقشبندی نے سرانجام دیئے ۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر عزیز محمود الازہری نے کہا کہ حضرت سیدنا ابوبکر صدق کو یہ بھی اعزاز حاصل ہے کہ نبی رحمتﷺ کی نبوت پر آپ ہی سب سے پہلے ایمان لائے اور واقعہ معراج النبیﷺ تصدیق بھی سب سے پہلے آپؓ نے ہی فرمائی ۔آپؓ کی شان میں بہت سی قرآنی آیات نازل ہوئیںاور آپؓ ایمان کے اعلیٰ درجہ پر فائز ہیں ۔ آپ کو بچپن ہی سے بت پرستی سے سخت نفرت تھی آپؓ کا سلسلہ نسب ساتویں پشت میں حضور نبی کریمﷺ کے سلسلہ نسب سے ملتا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ حضرت سیدنا ابوبکر صدیق ؓ باطل قوتوں کے خلاف شمشیر بے نیام تھے، کانفرنس سے حافظ محمد زبیر نقشبندی مجددی ،صاحبزادہ رضا المصطفیٰ ہمدمی ،قاری عزیز الرحمان ،محمد عزیز مجددی ،محمد حسان زبیری ،محمد اشرف القادری و دیگر نے بھی خطاب اور بارگاہ رسالت مآبﷺ میں عقیدت کے پھول نچھاور کئے۔

متعلقہ عنوان :