بلوچستان، سندھ، خیبر پختونخوا ، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کی200 طلبا وطالبات فائنل میچ دیکھیں گے

دیگر صوبوں کے طلبا وطالبات کو وزیراعلیٰ شہبازشریف کے خصوصی مہمان کی حیثیت سے میچ دیکھنے کی دعوت دی گئی

ہفتہ 4 مارچ 2017 22:18

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 مارچ2017ء) وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی خصوصی دعوت پر بلوچستان، سندھ، خیبر پختونخوا ، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کی200 طلبا وطالبات لاہو رمیں پاکستان سپر لیگ کا فائنل میچ دیکھیں گے۔وزیراعلی پنجاب محمد شہبازشریف نے بلوچستان، سندھ، خیبر پختونخوا ، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کی200 طلبا وطالبات کو فائنل میچ دیکھنے کی دعوت دی ہے اور دیگر صوبوں کے یہ طلبا وطالبات وزیراعلی پنجاب شہبازشریف کے خصوصی مہمان کی حیثیت سے حکومت پنجاب کے انکلوژر میں بیٹھ کر میچ سے لطف اندوز ہوں گے۔

وزیراعلی شہبازشریف نے کہا ہے کہ فائنل میچ ایک قومی ایونٹ ہے اور پنجاب حکومت نے جس طرح اپنے تعلیمی پروگراموں میں پاکستان کی تمام اکائیوں کے طلبا وطالبات کو شامل کر کے قومی وحدت کو مضبوط کیا ہے ،اسی طرح اس بڑے ایونٹ کے لئے بھی دیگر صوبوں اور آزاد کشمیر و گلگت بلتستان کے طلبا وطالبات کو میچ دیکھنے کی دعوت دی گئی ہے۔

(جاری ہے)

پنجاب حکومت کے اس اقدام سے قومی یکجہتی،بھائی چارے اور بین الصوبائی ہم آہنگی کو فروغ ملے گا۔

وزیراعلیٰ نے کہاکہ دانش سکولز کے طلباء و طالبات، پیف سکالرز، بہترین ایجوکیشن ایڈمنسٹریٹرز اور ہیلتھ پروفیشنلز کو بھی میچ دیکھنے کی دعوت دی گئی ہے اور یہ سب میرے خصوصی مہمان کی حیثیت میں قذافی سٹیڈیم لاہور میںفائنل میچ دیکھیں گے۔میری دعوت پر پنجاب ایجوکیشن انڈوومنٹ فنڈ کے تحت تعلیمی وظائف حاصل کرنیوالے 25پیف سکالرز بھی فائنل میچ دیکھیں گے۔ اس کے علاوہ8بہترین ایجوکیشن ایڈمنسٹریٹرز کو بھی میچ دیکھنے کی دعوت دی گئی ہے اسی طرح 12 بہترین ہیلتھ پروفیشنلزبھی وزیراعلیٰ کی دعوت پر فائنل میچ دیکھیں گے اوران میں پرنسپلز، سرجنز،پروفیسرز ،وائس چانسلرز ،ڈاکٹرز ،نرسزاورپیرا میڈیکل سٹاف شامل ہوگا۔

متعلقہ عنوان :