وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف سے وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کی ملاقات

وزیراعلیٰ اور وفاقی وزیر داخلہ کا پی ایس ایل کے فائنل میچ کیلئے کئے جانیوالے سکیورٹی انتظامات پر اطمینان کا اظہار وزیراعلیٰ نے سکیورٹی انتظامات کیلئے بھر پورتعاون پروزیراعظم محمد نوازشریف اور وفاقی وزیرداخلہ کا شکریہ ادا کیا دونوں رہنمائوںنے فائنل کیلئے سکیورٹی اہلکاروں کی تعیناتی کے حوالے سے اپوزیشن کابے بنیاد بیان کو مسترد کر دیا فائنل میچ کیلئے 60ہزار سکیورٹی اہلکاروں کی تعیناتی کے حوالے سے اپوزیشن رہنمائوں کا بیان حقائق کے منافی ہے،میگاایونٹ کے سکیورٹی انتظامات پر سیاست چمکائی جا رہی ہے،شہبازشریف،چوہدری نثار کی گفتگو سکیورٹی پر سمجھوتہ کئے بغیر ہروہ اقدام اٹھائینگے جس سے شہریوں کے روز مرہ معمولات میں کوئی رکاوٹ نہ پڑے ، وزیر اعلیٰ پنجاب

ہفتہ 4 مارچ 2017 21:50

وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف سے وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 04 مارچ2017ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے ہفتہ کو یہاںوفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ پنجاب اور وفاقی وزیر داخلہ نے پی ایس ایل کے فائنل میچ کیلئے کئے جانیوالے اب تک کے سکیورٹی انتظامات پر اطمینان کا اظہارکیا۔وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے وزیراعظم محمد نوازشریف اور وفاقی حکومت کی جانب سے فائنل میچ کے سکیورٹی انتظامات کیلئے بھر پورتعاون پر وفاقی وزیرداخلہ کا شکریہ ادا کیا۔

انہوںنے کہا کہ صوبہ پنجاب کی درخواست پر فضائی نگرانی کیلئے ہیلی کاپٹرز فراہم کرنے پر وزیراعظم محمد نوازشریف اوروفاقی حکومت کے شکرگزار ہیں۔انہوں نے کہا کہ سکیورٹی پر سمجھوتہ کئے بغیر ہروہ اقدام اٹھایا جائیگا جس سے شہریوں کے روز مرہ معمولات میں کوئی رکاوٹ نہ پڑے۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ پنجاب اور وفاقی وزیر داخلہ نے اپوزیشن رہنمائوں کی جانب سے فائنل کیلئے سکیورٹی اہلکاروں کی تعیناتی کے حوالے سے بے بنیاد بیان کو مسترد کر تے ہوئے کہا کہ فائنل میچ کیلئے 60ہزار سکیورٹی اہلکاروں کی تعیناتی کے حوالے سے اپوزیشن رہنمائوں کا بیان حقائق کے منافی ہے اور میگا ایونٹ کے سکیورٹی انتظامات پر سیاست چمکائی جا رہی ہے۔

سکیورٹی انتظامات کو سیاست کی بھینٹ چڑھانے اور ہیجانی کیفیت پیدا کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔اتنے بڑے ایونٹ کیلئے تقریباً 10 ہزار سکیورٹی اہلکار تعینات کئے جا رہے ہیں جو لاہو رجیسے بڑے شہر میں میگاایونٹ کرانے کیلئے قطعاً زیادہ نہیں۔وفاقی وزیر داخلہ نے وزیراعلیٰ پنجاب کو گزشتہ روز اسلام آباد میں منعقدہ اعلیٰ سطح کے سکیورٹی اجلاس کے بارے میں آگاہ کیا۔دونوں رہنمائوں نے پنجاب پولیس اور رینجرز کی اب تک کی گئی مشترکہ کارروائیوں پر اطمینان کا اظہارکیا۔