مضر صحت گٹکا، شیشہ سے نقصانات کے حوالے سے ہیومن رائٹس کمیشن آف سندھ کی جانب سے سیمینار

ہفتہ 4 مارچ 2017 21:41

حیدرآباد - (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 مارچ2017ء) حیدرآباد سمیت سندھ بھر میں فروخت کئے جانے والے مضر صحت گٹکا، شیشہ اور دیگر اشیاء سے بچوں کو پہنچنے والے نقصانات کے حوالے سے ہیومن رائٹس کمیشن آف سندھ کی جانب سے مقامی ہوٹل میں ایک سیمینار منعقد کیا گیا۔ سیمینار میں کثیر تعداد میں سماجی تنظیموں کے رہنماؤں، اور کارکنان نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پرسیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ہیومن رائٹس کمیشن آف سندھ کی چیئرپرسن ماجدہ رضوی نے کہاکہ حیدرآباد اور سندھ کے دیگر شہروں میں شیشہ پوائنٹ قائم ہیں جہاں کم نوجوان اور کم عمر بچے کھلے عام شیشہ کا استعمال کرتے ہیں جس سے وہ نہ صرف اخلاقی برائیوں میں مبتلا ہورہے ہیں بلکہ ان کی صحت کو بھی سخت نقصان پہنچ رہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعلیٰ سندھ نے گٹکے، مین پوری اور دیگر مضرصحت اشیاء کی فروخت پر پابندی عائد کرنے کا اعلان کیا تھا لیکن اس پر عملدرآمد نہیں ہوسکا ہے ۔

انہوں نے کہاکہ اسی طرح بچوں اور خواتین کو ہراساں کئے جانے کے واقعات میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے ۔ پروجیکٹ منیجر تہمینہ نے کہاکہ آج کے سیمینار کا مقصد معاشرے میں پائی جانے والی برائیوں سے آگاہی فراہم کرنا اور اس کے خاتمے کیلئے مشترکہ جدوجہد کرنا ہے۔

متعلقہ عنوان :