پرعزم اور بہادر پاکستانی قوم کے مضبوط جذبوں کو مٹھی بھر دہشت گرد شکست نہیں دے سکتی:شہبازشریف

پی ایس ایل فائنل لاہور میں ہونا پورے پاکستان کا اعزاز اور قوم کا انسداددہشتگردی کیلئے غیر متزلزل عزم کا اظہار ہے 13 کے مقابلے میں 2017 کا پاکستان محفوظ، روشن اور معاشی طور پر مضبوط ہے، وطن کو امن کو گہوارہ بنائینگے،وزیراعلیٰ پنجاب کی مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے اراکین اسمبلی سے گفتگو

ہفتہ 4 مارچ 2017 21:24

پرعزم اور بہادر پاکستانی قوم کے مضبوط جذبوں کو مٹھی بھر دہشت گرد شکست ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 04 مارچ2017ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ پی ایس ایل کا فائنل میچ لاہور میں ہونا پورے پاکستان کا اعزاز اور پوری قوم کا انسداددہشت گردی کیلئے غیر متزلزل عزم کا اظہار ہے۔ پرعزم اور بہادر پاکستانی قوم کے مضبوط جذبوں کو مٹھی بھر دہشت گرد شکست نہیں دے سکتے۔فائنل کو کامیاب کرا کر پاکستانی قوم سفاک قاتلوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنانے کیلئے پرعزم ہے۔

وہ مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے اراکین اسمبلی سے گفتگو کررہے تھے ،جنہوںنے یہاں وزیراعلیٰ سے ملاقات کی۔وزیراعلیٰ شہبازشریف نے کہا کہ پاکستانی عوام کی خواہش کو مد نظر رکھتے ہوئے پی ایس ایل فائنل لاہور میں کرانے کا فیصلہ کیاہے اوراس حوالے سے تمام وفاقی و صوبائی اداروں سے مشاورت کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ عوام کی طاقت اور پختہ عزم کے ساتھ دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو نیست و نابود کریں گے اور پاکستان کو امن کا گہوارہ بنا کر عوام سے چھینی گئیں خوشیاں لوٹائیں گے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ 2013 ء کے مقابلے میں 2017ء کا پاکستان محفوظ، روشن اور معاشی طور پر مضبوط ہے اور وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں ملک ترقی کی شاہراہ پر چل رہا ہے۔ انہوںنے کہا کہ ’’میں‘‘ کی روش ملک اور قوم کیلئے نقصان دہ ہے۔ پاکستان کو آگے لے جانے کیلئے ’’ہم‘‘ کے راستے پر چلنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے ہمیشہ ملکی مفادات اور جمہوری اقدار کو مقدم رکھا ہے۔

یکجہتی، اتحاد اور اتفاق کے ذریعے ملک کو آگے لے کر جائیں گے۔ اراکین اسمبلی نے پاکستان سپر لیگ کا فائنل میچ لاہو رمیں کرانے کے فیصلے کی تعریف کرتے ہوئے اسے شاندار اقدام قرار دیااور کہا کہ وزیراعلیٰ شہباز شریف نے پی ایس ایل فائنل لاہور میں کرا کر عوام کے دل جیت لئے ہیں۔ وزیراعلیٰ سے ملاقات کرنے والوں میں اراکین قومی اسمبلی چوہدری محمد جعفر اقبال، سردار منصب علی ڈوگر، ندیم عباس ربیرہ اور رکن صوبائی اسمبلی طارق باجوہ شامل تھے۔