چینی کمپنی نے پاکستان میں کم قیمت الیکٹرک گاڑیاں متعارف کر وادیں

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 4 مارچ 2017 14:04

چینی کمپنی نے پاکستان میں کم قیمت الیکٹرک گاڑیاں متعارف کر وادیں
کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔04 مارچ 2017ء) : چینی کمپنی نے پاکستان میں کم قیمت الیکٹرک گاڑیاں متعارف کر وا دی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق کراچی میں منعقد کیے جانے والے پاکستان آٹو شو 2017ء میں چینی کمپنی نے کم قیمت الیکٹرک گاڑیاں متعارف کروائیں جن کی فیکٹری قیمت 3 سے 5 ہزار ڈالر کے قریب ہے۔آٹوشومیں متعارف کروائی گئی ان جدید اور پُر کشش گاڑیوں کے 3 دروازے اور 4سیٹیں ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق والی بائی منی ای وی کار کے 3ماڈلز آئندہ سال پاکستان میں فروخت کیلیے پیش کیے جائیں گے جن میں اکانومی، کمفرٹ ایبل اور لگژری ماڈلزبھی شامل ہیں۔اکانومی ماڈل کی قیمت 3ہزار ڈالر، کمفرٹ ایبل ماڈل کی قیمت 4 ہزار ڈالر جبکہ لگژری ماڈل کی فیکٹری پرائس 5ہزارڈالر ہو گی۔ایکسپو سینٹر میں موجود چینی کمپنی کے نمائندوں نے بتایا کہ ان کی کمپنی چین میں الیکٹرک گاڑیاں بنانے والی سرفہرست کمپنیوں میں سے ایک ہے جو یومیہ 1ہزار گاڑیاں تیار کرتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ الیکٹرک کاروں کی فی کلو میٹر مسافت کی لاگت 1روپے سے بھی کم ہوگی۔ گاڑی کو گھریلو برقی نظام (220واٹ) سے بھی چارج کیا جاسکتا ہے جبکہ خصوصی پاور چارجنگ سسٹم کے ذریعے انتہائی کم وقت میں مکمل بیٹری چارج کی جاسکتی ہے۔ ایک مرتبہ مکمل چارج ہونے کے بعد 60کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے 120کلو میٹر کا فاصلہ طے کر سکتی ہے۔چینی کمپنی کے نمائندے الیکٹرک کاروں کی پاکستان میں فروخت کے لیے پارٹنرز اور ڈیلرز کی تلاش میں ہیں۔

کمپنی آئندہ سال تک گاڑیاں پاکستان میں فروخت کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ چینی کمپنی پاکستان میں فروخت کی جانے والی گاڑیوں کی 5 سال یا 80 ہزار کلو میٹر رننگ کی وارنٹی بھی فراہم کرے گی جبکہ پاکستان میں گاڑیوں کی مرمت اور پرزہ جات کی فراہمی کیلیے بھی بعد از فروخت سروس نیٹ ورک قائم کیا جائے گا۔واضح رہے کہ برقی گاڑیوں میں پاور ونڈو، المونیم الائے رم، ڈسک بریک، سینٹرل لاکنگ سسٹم، ریموٹ کیز، ایئرکولر(آپشنل) ایئر ہیٹرسمیت ریڈیو، یو ایس بی، اے یو ایکس، عقبی کیمرہ ڈسپلے، ویڈیو اور اسپیکرز کی سہولت بھی موجود ہے۔

متعلقہ عنوان :