انسانی بس میں ممکن ہر ضروری اقدام کیا جائے جس سے میچ دیکھنے کیلئے آنے والوں کو سہولت ملے‘شہبازشریف

بڑے ایونٹ کیلئے شاندر انتظامات، فول پروف سکیورٹی کے ساتھ فائنل کے دیگرانتظامات بھی بہترین ہوں گے‘وزیراعلیٰ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی زیرصدارت قربان لائنز میں اینٹی گریٹڈ کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر میں رات گئے اعلیٰ سطح کا اجلاس پی ایس ایل فائنل میچ کے سکیورٹی پلان اور دیگر انتظامات کا جائزہ لیا گیا، متعلقہ ادارے شائقین کرکٹ کی سہولت کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں خیبرپختونخوا، بلوچستان، سندھ، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے 200 طلبا و طالبات کو میچ دیکھنے کی دعوت دی گئی ہے،پنجاب حکومت کے خصوصی مہمان ہونگے

جمعہ 3 مارچ 2017 23:51

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 مارچ2017ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی زیرصدارت قربان لائنز میں اینٹی گریٹڈ کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر میں رات گئے اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں پی ایس ایل کے فائنل میچ کے سکیورٹی پلان اور دیگر انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان سپر لیگ کے فائنل میچ کیلئے شاندار انتظامات کئے گئے ہیں۔

شائقین کرکٹ کی سہولت کیلئے تمام متعلقہ ادارے کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں۔انسانی بس میں ممکن ہر ضروری اقدام کیا جائے جس سے میچ دیکھنے کیلئے آنے والوں کو سہولت ملے۔فول پروف سکیورٹی کے ساتھ فائنل میچ کے دیگر تمام انتظامات بھی بہترین ہوں گے۔جتنا بڑا ایونٹ ہے، اتنے ہی شاندار انتظامات کئے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے کہا کہ خیبرپختونخوا، بلوچستان، سندھ، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے 200 طلبا و طالبات کو میچ دیکھنے کی دعوت دی گئی ہے اور یہ 200 طلبا و طالبات پنجاب حکومت کے خصوصی مہمان کے طور پر میچ دیکھیں گے۔

انہوں نے کہا کہ دانش سکولز کے 25 طلبا و طالبات اور 25 پیف سکالرز کو بھی میچ دیکھنے کیلئے مدعو کیا گیا ہے۔یہ صرف لاہور کا نہیں، پاکستان کا ایونٹ ہے جسے ہر صورت کامیاب بنانا ہے۔فائنل میچ کو یادگار بنانے کیلئے وضع کردہ سکیورٹی پلان اور دیگر انتظامات کی باقاعدہ نگرانی جاری رکھی جائے۔میچ کی ڈیوٹی پر مامور پولیس اور دیگر محکموں کے اہلکاروں کو بہترین کھانا ملنا چاہیئے اوراس ضمن میں کسی قسم کی شکایت نہیں ملنی چاہیئے۔

ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ اور کمشنر لاہور ڈویژن نے سکیورٹی پلان اور دیگر انتظامات کے بارے میں بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ ڈرون کیمروں پر پابندی ہوگی۔سٹیڈیم میں فرسٹ ایڈ کا مناسب انتظام کیا گیا ہے جبکہ 2 موبائل ہسپتال بھی موجود ہوں گے۔نریٹرز کا بھی انتظام کیا گیا ہے اور ٹریفک رواں دواں رکھنے کیلئے متبادل انتظامات بھی کئے گئے ہیں۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ فری شٹل سروس کی تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔صوبائی وزراء رانا ثناء اللہ، رانا مشہود احمد، ایوب گادھی، چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، کمشنر لاہور ڈویژن اور اعلیٰ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔