شاہ عبدالطیف یونیورسٹی خیرپور میں وزیرِ اعظم پاکستان کی فیس ری امبرسمنٹ اسکیم کے چیک تقسیم کی تقریب کا انعقاد

جمعہ 3 مارچ 2017 23:31

سکھر۔ 3 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 مارچ2017ء) شاہ عبداللطیف یونیورسٹی خیرپورمیں وزیرِ اعظم پاکستان کی فیس ری امبرسمنٹ اسکیم کے چیک تقسیم کرنے کی تقریب منعقد ہوئی۔ پروفیسر ڈاکٹر مختار احمد چیئرمین ہائیر ایجوکیشن کمیشن پاکستان اس موقع پر مہمان خصوصی تھے۔ وائیس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر پروین شاہ نے تقریب کی صدارت کی جبکہ ہائیر ایجوکیشن کمیشن پاکستان کے ممبر آپریشنز پروفیسر ڈاکٹر غلام رضا بھٹی اس موقع پر اعزازی مہمان تھے۔

اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر مختار احمد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پاکستان میاں محمد نواز شریف کی قیادت میں ملک کے دور دراز علاقوں میں اعلیٰ تعلیم کی فراہمی کیلئے کوشاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کی فیس ری امبرسمنٹ اسکیم کے تحت ملک کے 114اضلاع کے طلبہ و طالبات میں اب تک 6.08بلین روپے تقسیم کیے جا چکے ہیں۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم پاکستان اعلیٰ تعلیم کی اہمیت و افادیت سے آگاہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس اسکیم سے ایک لاکھ 17ہزار طلبہ و طالبات مستفیض ہوئے ہیں۔ جبکہ شاہ عبداللطیف یونیورسٹی کے طلبہ و طالبات میں 113ملین روپے تقسیم کیئے جا چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ 2سے 3سال کے عرصے میں ملک کے 160اضلاع میں جامعات کے کمپسز کھولے جائیں گے۔ اس کے علاوہ وزیرِ اعظم کی لیپ ٹاپ اسکیم بھی جاری ہے۔ اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر پروین شاہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیرِ اعظم پاکستان کی فیس ری امبرسمنٹ اسکیم طلبہ و طالبات کی حوصلہ افزائی کا واضح ثبوت ہے اس اسکیم کے تحت دیہی علاقوں کے طلبہ و طالبات مستفیض ہوئے۔

اس کے علاوہ لیپ ٹاپ اسکیم بھی ایک احسن عمل ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اب تک شاہ عبداللطیف یونیورسٹی کے 1247طلبہ و طالبات کو پہلے فیز میں جبکہ 938طلبہ و طالبات کو دوسرے فیز میں لیپ ٹاپ فراہم کیے جا چکے ہیں۔ پروفیسر ڈاکٹر امداد حسین سہتو فوکل پرسن وزیر اعظم فیس ری امبرسمنٹ اسکیم نے اس اسکیم کے اغراض و مقاصد سے آگا ہ کیا۔

متعلقہ عنوان :