سرکاری وغیر سرکاری تنظیموں کے تعاون سے تعلیمی سال کے آغاز پر ڈپٹی کمشنر ژوب کی قیادت میں ریلی کا انعقاد

جمعہ 3 مارچ 2017 23:11

کوئٹہ۔03مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 مارچ2017ء)محکمہ تعلیم ژوب کی جانب سے سرکاری وغیر سرکاری تنظیموں کے تعاون سے تعلیمی سال کے آغاز پر ڈپٹی کمشنر ژوب محمد عظیم کاکڑ کی قیادت میں ریلی نکالی گئی جس میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر حبیب الرحمن ڈسٹرکٹ آفیسر تعلیم ژوب شیخ موسیٰ خان، عبدالرزاق بابر، وزیر خان ناصر ودیگر آفیسران اور طلباء نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

ریلی کے شرکاء نے مختلف شاہراہوں پر مارچ کیا۔ ریلی کے اختتام پر مڈل اسکول نمبر ون میں منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر حبیب الرحمن ڈسٹرکٹ آفیسر شیخ موسیٰ خان صحافی محمود خان حریفال، ڈاکٹر خیرمحمد، دلاور خان، رازق جان، امان اللہ بابر، کریم خروٹی اور دیگر نے کہا کہ تعلیم یافتہ قومیں دنیا پر حکمرانی کررہی ہیں۔

(جاری ہے)

تعلیم کے بغیر ترقی وخوشحالی کا حصول ماممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ بچے کو تعلیم دینا والدین کی ذمہ داری ہے۔ بلوچستان میں تعلیمی سال کا آغاز ہوچکا ہے۔ والدین بچوں کو اسکولوں میں داخل کراکر ذمہ داری کا ثبوت دیں تاکہ بچوں کا مستقبل تاریک ہونے سے بچایا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ آج کی اس ریلی کا مقصد عوام میں بچوں کو اسکولوں میں داخل کرنے کے حوالے سے شعوروآگاہی پیدا کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت شعبہ تعلیم پر بھرپور توجہ دے رہی ہے۔ بچوں کے داخلوں کے حوالے سے خصوصی مہم چلائی جارہی ہے۔ شہری اس مہم کو کامیاب بنانے میں بھرپور کردار ادا کرے تاکہ ہر بچے کو اسکول میں داخل کیا جاسکے۔