سرکاری نوکری کا مقصد لوگوں کی ترقی وخوشحالی اور بھلائی کے لئے کام کرنا ہے،چیف سیکریٹری بلوچستان

جمعہ 3 مارچ 2017 23:11

کوئٹہ۔03مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 مارچ2017ء) چیف سیکریٹری بلوچستان سیف اللہ چٹھہ نے کہا ہے کہ سرکاری نوکری کا مقصد ملک اور صوبے کے لوگوں کی ترقی وخوشحالی اور بھلائی کے لئے کام کرنا ہے۔ سروس کے دوران مشکلات درپیش آتی ہیں تاہم مسائل ومشکلات کو صبروتحمل اور ذمہ داری کے ساتھ حل کرنا چاہیئے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سکندجمالی آڈیٹوریم میں الوداعی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ کوئی بھی معاشرہ، تہذیب بااعتماد، خودمختار احتساب اور بیوروکریسی کے بغیر مستحکم بنیادوں پر درست سمت میں نہیں چل سکتا۔ بیورو کریٹس ہی ملک اور نظام کو صحیح سمت میں لے کر جاتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ان کی پہلی تقرری اور ریٹائرمنٹ بلوچستان ہی میں ہورہی ہے۔

(جاری ہے)

اسی دوران بہت چیلنجز آئے لیکن ہمیشہ ان کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور صوبے کے عوام کی ترقی وخوشحالی کے لئے بھرپور کوششیں کیں۔

انہوں نے کہا کہ میں بلوچستان سے اچھی یادیں لے کر جارہا ہوں اور یقین دلایا کہ بطور ممبر نیپر بلوچستان میں توانائی بحران پر قابو پانے کے لئے بھرپور کوشش کریں گے اور صوبے کے مفاد کے لئے کام کرنا باعث فخر ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک صرف پاکستان نہیں بلکہ پورے خطے کے لئے اہمیت کا حامل ہے اور اس سے بلوچستان میں ترقی کے نئے دور کا آغاز ہوگا اور بلوچستان مستقبل قریب میں ترقی یافتہ صوبے کے طور پر ابھر کر سامنے آئے گا۔

انہوں نے کہا کہ سرکاری ملازمین بلاامتیاز صوبے کے لوگوں کا معیار زندگی بہتر کرنے کے لئے بھرپور کردار ادا کریں ۔ اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل چیف سیکریٹری (ترقیات) ڈاکٹر محمد عمر بابر نے کہا کہ چیف سیکریٹری کو ہمیشہ ایک اچھا کپتان پایا جنہوں ہر قدم پر ہماری رہنمائی کی۔ انہوں نے کہا کہ سیف اللہ چٹھہ کی بدولت صوبے کے تمام محکموں میںقوانین پر سختی سے عملدرآمد ہوا۔

بالخصوص محکمہ خزانہ میں تنخواہوں کو کمپیوٹرائزڈ کرنا، محکمہ تعلیم میں میرٹ پر اساتذہ کی بھرتیاں، گھوسٹ ملازمین کی نشاندہی، غیرحاضر اساتذہ کو ڈیوٹی پر حاضر اور ہسپتالوں میں ڈاکٹروں کی حاضری کو یقینی بنایا گیا۔ سیکریٹری خزانہ اکبر حسین درانی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چیف سیکریٹری کی کاوشوں کی بدولت صوبے میں لوگوں کو ریلیف ملا اور لوگوں کا حکومت پر اعتماد بڑھا اور خاص کر صوبے میں امن وامان کی صورتحال ماضی کی نسبت بہتر ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ چیف سیکریٹری کو ایک ایماندار فرض شناس اور محنتی آفیسر پایا جنہوں نے دن رات ایک کرکے صوبے کی ترقی اور مفاد عامہ کے لئے کام کیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ وہ بلوچستان میں توانائی کے بحران پر قابو پانے کے لئے خصوصی توجہ دیں گے۔ چیف سیکریٹری نے تمام سیکریٹریز صاحبان کی خدمات کو سراہا۔ بالخصوص ممبر بورڈ آف ریونیو حامد الکریم اور سیکریٹری یو پی اینڈ ڈی اختر محمد کاکڑ کی صوبہ کے لئے خدمت کو خراج تحسین پیش کیا۔

انہوں نے اپنے اسٹاف آفیسران نوراحمد سمو اور زاہد سلیم کی خدمات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان کے ڈھائی سال کے عرصے میں ان آفیسران کا بہت اہم کردار رہا ہے۔ چیف سیکریٹری نے آخر میں تمام سیکریٹریز کا ان کے ساتھ تعاون پر شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ وہ نئے آنے والے چیف سیکریٹری بلوچستان کے ساتھ بھرپور تعاون کریں گے۔

متعلقہ عنوان :