نیب ایگزیکٹو بورڈ نے انٹرنیشنل کلیئرنگ ہائوس سکینڈل میں سابق وزیر آئی ٹی پرویز اشرف ، سیکرٹری فاروق اعوان ، ضیائوالدین ہسپتال کراچی کے ایم سی ‘ کے ڈی اے اور ہاکی ایسوسی ایشن کی مینجمنٹ کی ملی بھگت سے غیر قانونی طور پر کمرشل پلاٹ کے استعمال کی اجازت دینے پرمذکورہ اداروں کے افسروں سمیت 5مختلف کرپشن کیسوں کی تحقیقات کی منظوری دیدی

شواہد کی عدم دستیابی پر سابق ایم پی اے ڈاکٹر جاوید احمد صدیقی دیگر کے خلاف3 انکوائریاں بند نیب کرپشن کے خاتمے کیلئے پر عزم ہے‘ اس کینسر کو ختم کرنے کیلئے زیرو ٹالرنس کی پالیسی اپنا رکھی ہے، چیئرمین نیب کا خطاب

جمعہ 3 مارچ 2017 23:48

نیب ایگزیکٹو بورڈ نے انٹرنیشنل کلیئرنگ ہائوس سکینڈل میں سابق وزیر ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 03 مارچ2017ء) قومی احتساب بیورو (نیب) کے ایگزیکٹو بورڈ نے انٹرنیشنل کلیئرنگ ہائوس سکینڈل میںقومی خزانے کو ماہانہ ایک ارب کا نقصان پہنچانے پرسابق وزیر آئی ٹی راجہ پرویز اشرف اور سابق سیکرٹری آئی ٹی فاروق اعوان جبکہ ضیائوالدین ہسپتال کراچی کے ایم سی ‘ کے ڈی اے اور ہاکی ایسوسی ایشن کی مینجمنٹ کی ملی بھگت سے غیر قانونی طور پر کمرشل پلاٹ کے استعمال کی اجازت دینے پرمذکورہ اداروں کے افسروں سمیت 5مختلف کرپشن کیسوں کی تحقیقات کی منظوری دیدی‘شواہد کی عدم دستیابی پر سابق ایم پی اے ڈاکٹر جاوید احمد صدیقی کیخلاف جاری انکوائری سمیت3 انکوائریاں بند کرنے کی بھی منظوری دیدی ہے ‘ چیئرمین نیب قمر زمان چوہدری نے کہا ہے کہ نیب کرپشن کے خاتمے کیلئے پر عزم ہے‘ کرپشن ایک کینسر ہے جس کو ختم کرنے کیلئے زیرو ٹالرنس کی پالیسی اپنا رکھی ہے‘ تمام افسران کرپشن کے خاتمہ کیلئے دن رات محنت کریں اور کرپشن شکایات ‘ انکوائریوں اور تحقیقات میں قانون ‘ شفافیت اور میرٹ کو ملحوظ خاطر رکھیں۔

(جاری ہے)

جمعہ کو چیئرمین قمر زمان چوہدری کی زیر صدارت نیب ہیڈ کوارٹرز میں بورڈ کا اجلاس ہوا۔ نیب اعلامیہ کے مطابق ایگزیکٹو بورڈ میں 5 کرپشن کیسز کی تحقیقات کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔انٹرنیشنل کلیئرنگ ہائوس پی ٹی سی ایل کے حوالے کرنے میں ضابطے کی کارروائی پوری نہ ہونے پر قومی خزانے کو ماہانہ ایک ارب روپے کا نقصان پہنچانے کے کیس میں سابق وزیر آئی ٹی راجہ پرویز اشرف اور سابق سیکرٹری آئی ٹی فاروق اعوان کے خلاف تحقیقات ہوں گی۔

پینے کے صاف پانی کے ٹھیکوں میں کرپشن پر وزارت خصوصی اقدامات کے افسروں کیخلاف تحقیقات ہوں گی اس کیس میں قومی خزانے کو 15 ارب روپے کا نقصان پہنچایا گیا ہے۔ این ٹی ڈی سی کی طرف سے ٹرسٹ انوسٹمنٹ بنک میں غیر قانونی سرمایہ کاری کر کے 130 ملین روپے کا نقصان پہنچانے پر تحقیقات ہونگی۔ ضیاء الدین ہاسپٹل کراچی کو کے ایم سی ‘ کے ڈی اے اور ہاکی ایسوسی ایشن کی مینجمنٹ کی ملی بھگت سے غیر قانونی طور پر کمرشل پلاٹ کے استعمال کی اجازت دینے پرمذکورہ اداروں کے افسروں کیخلاف تحقیقات ہوں گی۔

اس پلاٹ کے معاملہ پر قومی خزانے کو 150 ملین کا نقصان پہنچایا گیا ہے۔ میپکو اور ٹرسٹ انوسٹمنٹ بنک ملتان کے افسروں کی طرف سے خردبرد اور اختیارات کے ناجائز استعمال پر قومی خزانے کو 289 ملین کا نقصان پہنچانے پر تحقیقات ہوں گی۔ نیب بورڈ نے کرپشن شکایات پر 3 انکوائریوں کی منظوری دی ہے۔ یہ تینوں انکوائریاں سٹیٹ بنک کی شکایت پر مشتبہ ٹرانزکشن کے معاملہ پر کی جائیں گی۔

پہلی انکوائری عمر ملک‘ دوسری انکوائری سید محمود شاہ اور تیسری انکوائری فیروز پی بھنڈارا نامی شخص کیخلاف ہوگی۔ نیب بورڈ نے شواہد کی عدم فراہمی پر سابق ایم پی اے ڈاکٹر جاوید احمد صدیقی سمیت دیگر کے خلاف 3 انکوائریاں بند کرنے کی منظوری بھی دی۔ بورڈ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین قمر زمان چوہدری نے کہا کہ نیب کرپشن کے خاتمے کیلئے پر عزم ہے۔ کرپشن ایک کینسر ہے جس کو ختم کرنے کیلئے زیرو ٹالرنس کی پالیسی اپنا رکھی ہے۔ انہوں نے تمام افسران کو ہدایت کی کہ وہ کرپشن کے خاتمہ کیلئے دن رات محنت کریں اور کرپشن شکایات ‘ انکوائریوں اور تحقیقات میں قانون ‘ شفافیت اور میرٹ کو ملحوظ خاطر رکھیں۔ …(رانا+آ چ)