سی پیک کے تحت نو اکنامک زونز قائم کر کے سرمایہ کار کمپنیز کو 10 سال کیلئے ٹیکس مراعات دی جائیں گی، وفاقی وزیر صنعت و پیداوار غلام مرتضی جتوئی

جمعہ 3 مارچ 2017 23:25

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 مارچ2017ء) وفاقی وزیر برائے صنعت و پیداوار غلام مرتضی جتوئی نے کہا ہے کہ نئی آٹو پالیسی کے ثمرات آنا شروع ہوگئے ہیں، کئی بین الاقوامی کارساز کمپنیز پاکستان میں اپنے پلانٹ لگا رہی ہیں۔

(جاری ہے)

جمعہ کو کراچی ایکسپو سینٹر میں پاکستان آٹو شو 2017 ء کے افتتاح کے موقع پر وفاقی وزیر برائے صنعت و پیداوار غلام مرتضی جتوئی نے کہا کہ سی پیک کے تحت نو اکنامک زونز قائم کئے جائیں گے جن میں سرمایہ کاری کرنے والی کمپنیز کو ڈیوٹی فری اور 10 سال ٹیکس فری کی مراعات دی جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ نئی آٹو پالیسی کے باعث کئی بین الاقوامی بڑے آٹو مینوفیکچرز پاکستان میں اپنے پلانٹ لگا رہے ہیں۔ غلام مرتضی جتوئی نے کہا کہ کورنگی انڈسٹریل پارک تیار ہوچکا ہے جبکہ بن قاسم انڈسٹریل پارک پر کام جاری ہے۔ پاکستان اسٹیل مل وزارت صنعت و پیداوار کو 1500 ایکڑ زمین دے گی جس سے سی پیک کے تحت ایک اور انڈسٹریل پارک قائم کیا جائے گا۔