وزیراعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت اجلاس،ہیلتھ کیئر سسٹم کی بہتری اورہیلتھ ریفارمز پروگرام پر پیش رفت کا جائزہ لیاگیا

عوام کو معیاری طبی سہولتوں کی فراہمی مشترکہ ذمہ داری ہے،اپنی ذمہ داری کا احساس کرتے ہوئے کام کرنا ہے،شہبازشریف

جمعہ 3 مارچ 2017 23:23

وزیراعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت اجلاس،ہیلتھ کیئر سسٹم کی بہتری اورہیلتھ ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 03 مارچ2017ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی زیر صدارت جمعہ کو یہاں اعلی سطح کا اجلاس منعقد ہوا،جس میںہیلتھ کیئر سسٹم کی بہتری کیلئے اٹھائے گئے اقدامات اورہیلتھ ریفارمز پروگرام پر پیش رفت کا جائزہ لیاگیا۔وزیراعلیٰ شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو معیاری طبی سہولتوں کی فراہمی ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے ۔

ہیلتھ کیئر سسٹم کی بہتری اور عوام کو معیاری علاج معالجہ کی فراہمی کیلئے اپنی ذمہ داریوں کا احساس کرتے ہوئے کام کرنا ہے ۔وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ ہیلتھ کیئر سسٹم کی بہتری کیلئے کیے گئے فیصلوں پر عملدر آمد کو ہر صورت یقینی بنایا جائے ۔انہوںنے کہا کہ پنجاب حکومت صحت عامہ کی سہولتوں کی بہتری کے بڑے پروگرام پر عمل پیرا ہے ۔

(جاری ہے)

محکمہ صحت کی تمام ایمبولینسزریسکیو 1122کے حوالے کردی گئی ہیںاور پنجاب میں ایمبولینسز سروس کا نظام ایک مربوط طریقے سے چلایا جارہا ہے ۔

مستحق اورنادار مریضوں کو ایمرجنسی کی صورت میں فوری طورپرہسپتال منتقل کرنے کیلئے مربوط نظام بنایا گیاہے ۔انہوںنے کہا کہ سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کی سہولت کیلئے انتہائی موثرپیشنٹ ٹرانسفرریفرل سروس کا آغاز کردیاگیاہے اوراس نئے نظام سے مریضوں کو ایک ہسپتال سے دوسرے ہسپتال منتقل کرنے کے حوالے سے سہولت ملے گی۔ڈسٹرکٹ کنٹرول رومز میں آن لائن ڈیش بورڈ اورلینڈ لائن سروس پوری طرح فنکشنل کردی گئی ہے ۔

ہر ہسپتال کی ایمرجنسی میں ایمبولنس سروسز ڈیسک بنائے جارہے ہیںاوران ڈیسک کے ذریعے سرکاری اورنجی ایمبولنسز کوریگولیٹ کیا جائے گا۔انہوںنے کہا کہ مریضوں کی سہولت کیلئے موٹر بائیکس ایمبولنس سروس کا آغاز بھی کیا جارہا ہے اوراس مقصد کیلئے عملے کی تربیت کا عمل جاری ہے ۔انہوںنے کہا کہ ادویات کی خریداری ،ترسیل اورتقسیم کا بھی نیافول پروف نظام لایا جارہا ہے ،اس نئے نظام پر عملدر آمد سے جعلی و غیر معیاری ادویات اورادویات کی خردبرد کا خاتمہ ہوگا۔

انہوںنے کہا کہ پنجاب حکومت 6ارب روپے کی ادویات خرید رہی ہے اورادویات کے نمونے بیرون ممالک کی معروف لیبز سے چیک کرائے جائیں گے۔انہوںنے کہا کہ عوام کو معیاری ادویات کی فراہمی میرا مشن ہے جسے ہر صورت پورا کیا جائے گا۔ادویات کے سیمپلز کے حصول کا عمل بھی فول پروف ہونا چاہیے۔عوام کی صحت سے کھیلنے والے مافیاکا قلع قمع ضروری ہے ۔انہوںنے کہا کہ پنجاب حکومت نے صوبے بھر میں جدید طبی سہولتوں سے آراستہ ہسپتال بنائے ہیں ۔

مری میں بھی ہسپتال بنایا جارہا ہے جس سے علاقے کے عوام کو معیاری طبی سہولتیں ملے گی۔ مری میں ہسپتال کے قیام کے منصوبے پر تیزرفتاری سے کام کیا جائے ۔انہوںنے کہا کہ سنٹرل پیتھالوجی لیب کے قیام کے منصوبے پر بھی کام کیا جارہا ہے ۔وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ ہسپتالوں میں لیبز کی اپ گریڈیشن کیلئے بھی اقدامات کیے جائیں ۔انہوںنے کہا کہ انسٹی ٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ کے پروگراموں کو موثربنانا بھی وقت کی ضرورت ہے ۔

ادارے کو ریسرچ کے فروغ اورویکٹرسرویلنس کے حوالے سے اپنا موثر کرداراداکرنا ہے ۔صوبائی وزراء خواجہ سلمان رفیق،خواجہ عمران نذیر،میاں مجتبیٰ شجاع الرحمان ،ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا،مشیرڈاکٹر عمر سیف، ایڈیشنل چیف سیکرٹری،متعلقہ محکموں کے سیکرٹریزاورمتعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :