عوام کوجدید و معیاری علاج معالجے کی سہولتوں کیلئے اہداف کا جلد حصول ممکن بنانا ہو گا،معیاری طبی سہولتوں کی فراہمی میرا نصب العین ہے، طبی سہولتوں کے معیار میں بہتری تک چین سے نہیں بیٹھوں گا

وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کا اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب

جمعہ 3 مارچ 2017 23:19

عوام کوجدید و معیاری علاج معالجے کی سہولتوں کیلئے اہداف کا جلد حصول ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 03 مارچ2017ء) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی زیر صدارت جمعہ کو اعلی سطح کا اجلاس منعقد ہوا،جس میں صوبے کے عوام کو معیاری طبی سہولتوں کی فراہمی کیلئے جاری پروگرام پر پیشرفت کا جائزہ لیاگیا۔وزیر اعلیٰ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ معیاری طبی سہولتیں مریضوں کا حق ہے اورپنجاب حکومت ہیلتھ کیئر سسٹم کو عوام کی توقعات کے مطابق بنانے کیلئے ہر ضروری اقدام اٹھا رہی ہے ۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ترکی کی وزارت صحت کی جانب سے پنجاب کے ہیلتھ کیئرسسٹم کو بہتر بنانے کیلئے تعاون لائق تحسین ہے اور ہم نے مل کر ہیلتھ کیئرکے نظام کو خوب سے خوب تر بنانا ہے اوراس مقصد کے حصول کیلئے ترکی کی مہارت اور تجربے سے استفادہ کریں گے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ صوبے کے عوام کوجدید اور معیاری علاج معالجے کی سہولتوں کیلئے اہداف کا جلد حصول ممکن بنانا ہو گااوردکھی انسانیت کے زخموں پر مرہم رکھنے کیلئے نتیجہ خیز اقدامات کرنے ہیں ۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہسپتالوں میں معیاری طبی سہولتوں کی فراہمی میرا نصب العین ہے اور طبی سہولتوں کے معیار میں بہتری تک چین سے نہیں بیٹھوں گا۔اجلاس کے دوران ترکی کے ماہرین نے ہیلتھ کیئر سسٹم کی بہتری کیلئے تجاویز پیش کیںاورمستقبل کے لائحہ عمل کے حوالے سے بریفنگ دی۔صوبائی وزراء مجتبیٰ شجاع الرحمن ، عائشہ غوث پاشا، خواجہ سلمان رفیق ، خواجہ عمران نذیر، مشیرڈاکٹر عمرسیف ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری، متعلقہ محکموںکے سیکرٹریز، اعلی حکام ، طبی ماہرین اور ترکی کے ہیلتھ کیئر سسٹم کے ماہرین نے اجلاس میں شرکت کی۔