وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف سے امریکی سفارتخانے کے ڈپٹی چیف آف مشن جوناتھن پریٹ کی ملاقات

باہمی دلچسپی کے امور، دو طرفہ تعلقات کے فروغ اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال میگاایونٹ پی ایس ایل فائنل میچ کے لاہور میں انعقاد کا فیصلہ تمام ادارو ںکی مشاوت سے کیا گیا،شہبازشریف

جمعہ 3 مارچ 2017 23:19

وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف سے امریکی سفارتخانے کے ڈپٹی چیف آف مشن ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 03 مارچ2017ء) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے جمعہ کو یہاں امریکہ کے سفارتخانے کے ڈپٹی چیف آف مشن جوناتھن پریٹ نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور، دو طرفہ تعلقات کے فروغ اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ امریکی ڈپٹی چیف آف مشن نے پی ایس ایل کا فائنل میچ لاہور میں کرانے کے فیصلے کو سراہتے ہوئے اسے بہترین اقدام قرار دیا۔

وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی ایس ایل کا فائنل میچ پاکستان کا ایک میگاایونٹ ہے اورپی ایس ایل کا فائنل لاہور میں کرانے کا فیصلہ تمام اداروں کی مشاورت سے کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل کا فائنل میچ کا انعقاد پرامن ماحول میں یقینی بنائیں گے جس کیلئے بہترین انتظامات کئے جا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم کا عزم دہشت گردی کے خاتمے کیلئے انتہائی مضبوط ہے اور فائنل میچ کا لاہور میں انعقاد بھی دہشت گردوں کیلئے ایک سخت پیغام ہے کہ قائد ؒ کے پاکستان میں انتہاپسندانہ سوچ کی کوئی جگہ نہیں۔

دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستانی قوم کی قربانیاں لازوال ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان کثیرالجہتی نوعیت کے تعلقات موجود ہیں اور توقع ہے کہ آنیوالے دنوں میں پاک امریکہ تعلقات کو مزیدفروغ حاصل ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو قائداعظم محمد علی جناحؒ کے ویژن کے مطابق فلاحی ریاست بنانے کیلئے پرعزم ہیں۔ لاہور میں تعینات امریکی قونصل جنرل یوری فیڈکیو (Mr. Yuriy Fedkiw) بھی اس موقع پر موجود تھے۔