لاہور ریجن میں سی این جی اور پیٹرول پمپ مالکان کی ایک ارب 19 کروڑ 44 لاکھ کی ٹیکس چوری کا انکشاف

جمعہ 3 مارچ 2017 22:55

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 03 مارچ2017ء) لاہور ریجن میں سی این جی اور پیٹرول پمپوں کے مالکان نے ایک ارب 19 کروڑ 44 لاکھ روپے کی ٹیکس چوری کے مرتکب ہوئے ہیں۔ اس ریجن کے سی این جی اور پیٹرول پمپ مالکان نے صارفین سے اربوں روپے وصول کرکے قومی خزانہ میں ایک پائی بھی جمع نہیں کرائی ہے۔ اس بات کا انکشاف ایک سرکاری دستاویزات میںہوا ہے جو پارلیمنٹ کی کمیٹی میں تحقیقات کی غرض سے پیش کی گئی ہے۔

قانون کے مطابق سی این جی اسٹیشن مالکان کو صارفین سے وصول کیا گیا اربوں روپے کا ٹیکس بلا کسی حجت کے قومی خزانہ میں فوری جمع کرانا تھا لیکن نواز حکومت آنے کے بعد لاہور شہر اور اس کے گرد نواح میں قائم سینکڑوں سی این جی اور پیٹرول پمپ مافیا نے یہ سیلز ٹیکس خزانہ میں جمع ہی نہیں کرایا جس کی کل مالیت ایک ارب 19 کروڑ روپے سے زائد کی ہے ۔

(جاری ہے)

سیلز ٹیکس ایکٹ 1990 ء کی شق 3-B کے تحت جو شخص یا ادارہ کسی سے بھی صارف سے سیلز ٹیکس وصول کر تا ہے اسے چاہیے کہ 90 دن کے اندر اندر قومی خزانہ میں جمع کرا دے ورنہ اس پر عمل نہ کرنے پر متعلقہ ڈیفالٹر ز سے مجرمانہ ایکٹ کے تحت کارروائی اور جائے جرمانہ اور اصل رقم بھی واپس لی جائے۔

ایف بی آر حکام نے آن لائن کو آگاہ کیا ہے کہ سی این جی اسٹیشن اور پیٹرول پمپ مالکان کو شوکاز نوٹس جاری کیے جارہے ہیں تاہم اعلیٰ حکام نے ٹیکس تخمینہ نکالنے والے افسران کے خلاف سخت کارروائی شروع نہیں کی ہے حکام کو چاہئیے کہ ادارہ کے اندر چوروں کو پکڑا جائے اس بارے ایف بی آر پارلیمانی کمیٹی کو اگلے ہفتے آگاہ کرے گا۔ (عابد شاہ)

متعلقہ عنوان :