وزیراعظم نے فاٹا کی شمالی وزیرستان ایجنسی میں کرم تنگی ڈیم کا سنگ بنیاد رکھ دیا

شمالی وزیر ستان میں تعمیر کیے جانے والے ڈیم میں 12 لاکھ ایکڑ فٹ پانی ذخیرہ کرنے کی گنجائش ہوگی ڈیم کے پہلے مرحلے میں 18میگا واٹ بجلی پیدا ہوگی اور 1600ایکڑ زرعی زمین کے لیے پانی دستیاب ہوگا ،ْچیئر مین واپڈا

جمعہ 3 مارچ 2017 19:45

وزیراعظم نے فاٹا کی شمالی وزیرستان ایجنسی میں کرم تنگی ڈیم کا سنگ بنیاد ..
شمالی وزیرستان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 مارچ2017ء) وزیراعظم محمد نواز شریف نے وفاق کے زیرانتظام قبائلی علاقے (فاٹا) کی شمالی وزیرستان ایجنسی میں کرم تنگی ڈیم کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔رپورٹ کے مطابق شمالی وزیر ستان میں تعمیر کیے جانے والے اس ڈیم میں 12 لاکھ ایکڑ فٹ پانی ذخیرہ کرنے کی گنجائش ہوگی۔ رپورٹ کے مطابق اس ڈیم سے بڑی مقدار میں پانی ذخیرہ کرنے کے ساتھ ساتھ 83 اعشاریہ 4 میگاواٹ بجلی بھی پیدا کی جاسکے گی۔

(جاری ہے)

کرم تنگی ڈیم دو مرحلوں میں مکمل کیا جائے گا، اس کا پہلا مرحلہ 3 سال کی مدت میں مکمل ہوگا۔ماہرین کے مطابق ڈیم سے علاقے میں نہ صرف سماجی واقتصادی بہتری آئے گی بلکہ سیلاب کی روک تھام میں بھی مدد ملے گی۔واضح رہے کہ کرم تنگی ڈیم کم لاگت کا ماحول دوست منصوبہ ہے جس سے شمالی وزیرستان اور خیبرپختونخوا کاوسیع رقبہ بھی سیراب کیا جاسکے گا۔چیئرمین واپڈا مزمل حسین کا کہنا ہے کہ ڈیم کے پہلے مرحلے میں 18میگا واٹ بجلی پیدا ہوگی اور 1600ایکڑ زرعی زمین کے لیے پانی دستیاب ہوگا۔