سنیپ چیٹ میں 15 ہزار کی سرمایہ کاری پر دوکروڑ چالیس لاکھ کا منافع

کیلیفورنیا کے سکول نے 15 ہزار ڈالر کی سرمایہ کاری ایسی نئی ایپ میں کرنے کا فیصلہ کیا جسے دو طلبہ استعمال کرنے کے شوقین تھے

جمعہ 3 مارچ 2017 16:20

کیلی فورنیا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 مارچ2017ء) پانچ برس قبل جب کیلیفورنیا کے علاقے ماؤنٹین ویو کے سینٹ فرانسس ہائی سکول کی انتظامیہ نے اپنے دو طلبہ کے والد کے کہنے پر سکول فنڈ کی رقم سے سنیپ چیٹ میں سرمایہ کاری کی تھی تو شاید ان کے وہم و گمان میں بھی نہ ہوگا کہ ایک دن یہ سرمایہ کاری ان کے سکول کو کروڑپتی بنا دے گی۔میڈیارپورٹس کے مطابق دوروزقبل کو جب بازارِ حصص میں نوجوانوں میں مقبول سماجی رابطے کی ایپ 'سنیپ چیٹ' کے حصص فروخت کے لیے پیش کیے گئے تھے اور فی حصص ابتدائی قیمت 17 ڈالر رکھی گئی تھی۔

سینٹ فرانسس ہائی سکول نے 2012 میں 15 ہزار ڈالر کی جو سرمایہ کاری تھی اس کے دو تہائی حصص کی جمعرات کو فروخت سے ہی اسے دو کروڑ 40 لاکھ ڈالر حاصل ہوگئے ہیں۔

(جاری ہے)

سکول نے ایک تہائی حصص اب بھی فروخت نہیں کیے جبکہ جمعرات کی شام کاروبار کے اختتام تک سنیپ چیٹ کے حصص کی قیمت میں 44 فیصد اضافہ ہو چکا تھا۔اس سکول کے موجودہ صدر سائمن چیو نے اس خوش خبری سے اپنے طلبا و طالبات کو ایک خط کے ذریعے مطلع کیا جس میں انھوں نے اس سرمایہ کاری کی کہانی بھی بیان کی۔

انھوں نے اپنے خط کا آغاز 2012 کے ایک واقعے سے کیا ہے۔ وہ لکھتے ہیں کہ سکول نے اس سال 15 ہزار ڈالر کی سرمایہ کاری ایک ایسی نئی ایپ میں کرنے کا فیصلہ کیا جسے دو طلبہ اینڈریو اور نیٹیلی ایگرز استعمال کرنے کے شوقین تھے۔ان دونوں کے والد بیری ایگرز نے اپنے بچوں کی اس ایپ میں دلچسپی دیکھتے ہوئے اس کے موجدین ایون سپیگل اور بوبی مرفی سے رابطہ کیا جو اس وقت سٹینفرڈ کے ایک کمرے سے کام کر رہے تھے۔

اس ملاقات میں وہ ان دونوں افراد کے جوش اور جذبے متاثر ہوئے اور اپنی ذاتی کمپنی کی جانب سے انھیں پانچ لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری کی پیشکش کی۔اس سرمایہ کاری میں جہاں چار لاکھ 85 ہزار ڈالر کمپنی کے تھے وہیں بیری نے اپنے بچوں کے سکول کی انتظامیہ کو بھی سکول کے ترقیاتی فنڈ سے 15 ہزار ڈالر کی سرمایہ کاری پر راضی کر لیا۔سائمن نے اس سرمایہ کاری کا پھل ملنے کی خبر دیتے ہوئے لکھا کہ اس سکول کی سنیپ چیٹ میں سرمایہ کاری رنگ لے آئی ہے اور ہمیں وہ مدد ملی ہے جس سے ہم اپنے وڑن اور مقاصد کے حصول کے لیے کام جاری رکھ سکتے ہیں۔

بیری ایگرز نے بھی اس بارے میں اپنے بلاگ میں لکھا کہ جہاں میں سنیپ کے ابتدائی سرمایہ کار کے طور پر اس سفر سے لطف اندوز ہوا ہوں وہیں مجھے اپنے بچوں کے ساتھ یہ تجربہ کرنے کا بھی مزا آیا ہے۔

متعلقہ عنوان :