فاٹا اصلاحات کی منظوری انتہائی خوش آئند ہے‘ فاٹا کے لوگوں کے دیرینہ مطالبہ پر ماضی کی حکومتوں نے کوئی توجہ نہیں دی‘ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی قیادت نے فاٹا کی عوام سے جو وعدہ کیا تھا اسے پورا کیا جا رہا ہے

وفاقی وزیر سیفران لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقادر بلوچ کی پی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو

جمعرات 2 مارچ 2017 22:40

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 مارچ2017ء) وفاقی وزیر سیفران لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقادر بلوچ نے کہا ہے کہ فاٹا اصلاحات کی منظوری انتہائی خوش آئند ہے‘ فاٹا کے لوگوں کے دیرینہ مطالبہ پر ماضی کی حکومتوں نے کوئی توجہ نہیں دی‘ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی قیادت نے فاٹا کی عوام سے جو وعدہ کیا تھا اسے پورا کیا جا رہا ہے‘ ہم لوگوں کے دیرینہ رسم و رواج پر بھی اثر انداز نہیں ہونا چاہتے تھے کیونکہ وہ اپنے رسم و رواج کو بہت ترجیح دیتے ہیں اور انہیں جاری رکھنا چاہتے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو پاکستان ٹیلی ویژن کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ فاٹا کے زیادہ تر لوگ خیبرپختونخواہ میں ضم ہونا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فاٹا کے لوگوں نے سب سے پہلے علاقے میں رائج کالے قانون (ایف سی آر)کے خاتمے کی خواہش کا اظہار کیا اور دوسرا حق نمائندگی کے لیے کہا تاکہ وہ اپنے معاملات کو خود دیکھ سکیں، فاٹا پارلیمنٹیرینز سے بھی اس بات کو متعدد بار زیر بحث لایا گیا، سینٹ و قومی اسمبلی میں بھی بحث و مباحثہ ہوا، میں نے خود بھی اس موضوع پر پریس کانفرنس بھی کی اور یہ معاملہ میڈیا کے سامنے ڈرافٹ کی صورت میں بھی لایا گیا جبکہ ہم نے ایک ویب سائٹ بھی بنائی جس پر ہمیں فاٹا اصلاحات کے حوالے سے لوگوں کی 4ہزار سے زائد مختلف تجاویز بھی آئیں جو اس بات کو واضح کرتا ہے کہ حکومت فاٹا اصلاحات کے لیے کتنی سنجیدہ اور مخلصانہ کوششیں کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ فاٹا اصلاحات کے بارے میں تمام سیاسی جماعتوں کو آن دی بورڈ لیا گیا اور جن کے تحفظات ہیں انہیں بھی دور کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم فاٹا کے عوام کی تکالیف اور مشکلات کے خاتمے کے لیے کوشاں ہیں اور انہیں ان کا حق ہر حال میں دیا جائے گا، (ایف سی آر) ایک ریگولیشن ہے جس کے خاتمے کے لیے اسے پارلیمنٹ میں لانے کی ضرورت نہیں، پاکستان مسلم لیگ (ن) پورے ملک کی ترقی و خوشحالی کے لیے کوشاں ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف کی ہدایات پر فاٹا اصلاحات کے لیے بنائی گئی کمیٹی نے اپنا کام خوش اسلوبی سے کیا اور اس معاملے کو پایا تکمیل تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ ایک اور سوال کے جواب میں عبدالقادر بلوچ کا کہنا تھا کہ آئی ڈی پیز کی بحالی کا کام جاری ہے اور ان لوگوں کی بنیادی ضروریات کی تکمیل کے لیے کام تیزی سے جاری ہے، ہم پرعزم ہیں کہ بہت جلد اپنے ان بھائیوں کو ان کے گھروں میں منتقل کر دیا جائے گا۔