2018 میں پاکستان بھر سے عوام کی نمائندگی حاصل کر کے پاکستانی سیاست میں خوشگوار اور حیرت انگیز تبدیلی لائیں گے

چیئرمین پاک سرزمین پارٹی سید مصطفی کمال کی وفد سے ملاقات کے دوران بات چیت

جمعرات 2 مارچ 2017 23:09

2018 میں پاکستان بھر سے عوام کی نمائندگی حاصل کر کے پاکستانی سیاست میں ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 02 مارچ2017ء) چیئرمین پاک سرزمین پارٹی سید مصطفی کمال سے سوات مالاکنڈ ڈویژن سے تعلق رکھنے والے وفد نے پاکستان ہاؤس کراچی میں ملاقات کی․ اس موقع پر مصطفٰی کمال نے کہا ہے کہ یہ ہمارے نظریے کی سچائی کا نتیجہ ہے کہ لوگ پاکستان کے ہر حصے سے جوک در جوک ہمارے ساتھ شامل ہو رہے ہیں، 2018 میں پاکستان بھر سے عوام کی نمائندگی حاصل کر کے پاکستانی سیاست میں خوشگوار اور حیرت انگیز تبدیلی لائیں گی․ ہمارا مقصد پاکستان کو معاشی طور پر مستحکم اور ترقی یافتہ ملک بنانا ہے جس سے کراچی سے کشمیر تک عوام اور ہماری آئندہ آنے والی نسلوں کو فائدہ ہوگا․ انہوں نے کہا کہ مجھ سمیت پاک سر زمین پارٹی کی پوری قیادت کے پاس ملک کو مسائل سے نکالنے اور ترقیاتی منصوبوں کو احسن طریقے سے پایہ تکمیل تک پہنچانے کا وسیع تجربہ ہے اور سب سے بڑھ کر ہر محب وطن پاکستانی کی طرح ہم میں پاکستان کی محبت کا جذبہ ہے جس کی وجہ سے ہم اپنی جانوں کی پرواہ کیے بغیر تفرقات مٹا کر قوم کو متحد کر رہے ہیں اور اس نیک مقصد میں قدرت بھی لوگوں کے دلوں میں ہماری بات ڈال کر ہمارا ساتھ دے رہی ہے ․ اس موقع پر سوات سے تعلق رکھنے والے روزی اکبر، داؤد خان سمیت دیگر معززین اور وفد کے شرکاء نے پاک سر زمین پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا اور سید مصطفی کمال اور صدر انیس قائم خانی کے شانہ بشانہ ملک کی بہتری کے لئے کام کرنے کا عہد کرتے ہوئے ان کا پیغام ملک کے ہر حصے میں پھیلانے کا عزم بھی کیا۔