چوہدری نثار علی خان کو وزیر خارجہ مقرر کیا جائے

سندھ کے وزیر برائے ٹرانسپورٹ سید ناصر حسین شاہ کا وزیراعظم کو مشورہ

جمعرات 2 مارچ 2017 23:09

چوہدری نثار علی خان کو وزیر خارجہ مقرر کیا جائے
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 02 مارچ2017ء) سندھ کے وزیر برائے ٹرانسپورٹ سید ناصر حسین شاہ نے وزیراعظم کو مشورہ دیا ہے کہ چوہدری نثار علی خان کو وزیر خارجہ مقرر کیا جائے،وزارت داخلہ کا کام تو ان سے ہوتا نہیں ہے، شاید یہ ذمہ داری پوری کرسکیں،نثار علی خان پہلے دن سے ہی نیشنل ایکشن پلان کے خلاف اور انتہا پسندوں کے حمایتی رہے ہیں، خواجہ آصف لعل شہبازؒ قلندر کی بجلی کاٹنے کا ازخود نوٹس لیں اور اپنے محکمے کے لوگوں کے خلاف کارروائی کریں، عابد شیر علی جھوٹ بولنے میں مہارت رکھتے ہیں، سیہون شریف واقعے پر بجلی کی بندش پر وفاقی حکومت نے غلط بیانی کی ہے،عوام کی دل آزاری ہوئی ہے، پی ایس ایل فائنل میں اگر کراچی کنگز کھیلے گی تو وہ میچ دیکھنے لاہور ضرور جائیں گے، وہ جمعرات کو وزیراعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی برائے اوقاف سید غلام شاہ جیلانی کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے، انہوں نے کہا کہ عابد شیر علی جھوٹ بولنے میں مہارت رکھتے ہیں، لیکن اب تو ان کے محکمے کے افسران بھی جھوٹ بولنے لگے ہیں، جس کا وفاقی وزیر پانی وبجلی خواجہ آصف کو نوٹس لینا چاہئے، انہوں نے کہا کہ درگاہ لعل شہباز قلندرؒ کے واقعے پر وفاقی حکومت غلط بیانی سے کام لے رہی ہے اور اپنی نااہلی سندھ حکومت پر تھوپنے کی کوشش کررہی ہے۔

(جاری ہے)

وفاقی وزارت پانی وبجلی سیہون شریف درگاہ کا ہر ماہ 10 سے 15 لاکھ روپے بجلی کا بل بھیج رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کا سیکورٹی کا انتظام پورا تھا۔ تمام چیزیں ریکارڈ پر موجود ہیں۔ سندھ حکومت نے کبھی نہیں کہا کہ لعل شہباز قلندر کی سیکورٹی فول پروف تھی۔ کوتاہی تسلیم کرتے ہوئے سندھ حکومت نے درگاہ پر موجود محکمہ اوقاف کے عملے اور ضلع کے ایس ایس پی کو ہٹادیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ واقعے میں کوتاہی برتنے والوں کے خلاف بھی ہر صورت کارروائی کی جائے گی۔ سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ سیہون شریف واقعے کی مکمل تحقیقات ہورہی ہے، پولیس کو خاطر خواہ کامیابیاں ملی ہیں۔ جلد اس حوالے سے پولیس حکام میڈیا کو آگاہ کریں گے۔ سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ پی ایس ایل کے فائنل میں اگر کراچی کنگز کی ٹیم کھیلے گی تو میچ دیکھنے لاہور ضرور جائوں گا۔