وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی کی وزیر اعلیٰ پنجاب سے ملاقات

وزیر اعلیٰ پنجاب محمدشہباز شریف نے پنجاب یونیورسٹی میڈیکل کالج کے قیام ، ریسرچ کے لئے 5 کروڑ،چار ہاسٹلز ، گھروں کی تعمیر کے لئے فنڈز اور 10 بسیں فراہم کرنے کی منظوری دیدی

جمعرات 2 مارچ 2017 23:01

وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی کی وزیر اعلیٰ پنجاب سے ملاقات
لاہور۔2 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 مارچ2017ء) وزیر اعلیٰ پنجاب محمدشہباز شریف نے پنجاب یونیورسٹی میڈیکل کالج کے قیام کی منظوری دے دی ہے جبکہ طلباء و طالبات کے لئے چار ہاسٹلز کی تعمیر اور یونیورسٹی میں تحقیق کے فروغ کے لئے 5 کروڑ روپے فراہم کرنے کا بھی اعلان کیا ہے۔ اس سلسلے میں وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر ظفر معین ناصر نے وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف سے ماڈل ٹاو،ْن میں ان کے کیمپ آفس میں ملاقات کی۔

اس موقع پر وائس چانسلر ڈاکٹر ظفر معین ناصر نے پنجاب یونیورسٹی کی عالمی رینکنگ کو بہتر بنانے کے لئے بریفنگ دی ۔ انہوں نے یونیورسٹی کے اساتذہ ، ملازمین اور طلباء و طالبات کو درپیش مسائل اور بہتری کے لئے مطالبات پیش کئے۔ جس پر وزیر اعلیٰ پنجاب نے پنجاب یونیورسٹی کے لئے میڈیکل کالج کے قیام ، طلباء وطالبات کے لئے 4 ہاسٹلز ، اساتذہ و ملازمین کے لئے رہائشی کالونی میں گھر اور فلیٹس کی تعمیر کے لئے فنڈز کی فراہمی کی منظوری دے دی ہے۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں پنجاب یونیورسٹی کے طلباء و طالبات کے لئے 10 بسیں فوری طور پر فراہم کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پیف سکالرشپ میں پنجاب یونیورسٹی کے حصے میں بھی اضافہ کیا جائے گا تاکہ یونیورسٹی کے زیادہ سے زیادہ ذہین طلباء و طالبات سکالرشپس سے استفادہ کر سکیں۔ پنجاب یونیورسٹی کے اساتذہ ، ملازمین اور طلباء وطالبات نے یونیورسٹی کے دیرینہ مسائل حل کرنے پر وزیر اعلیٰ پنجاب اور وائس چانسلر ڈاکٹر ظفر معین ناصر کا شکریہ ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ پنجاب یونیورسٹی کے مسائل کو اتنی تیزی کے ساتھ حل کرنے کے لئے اس سے قبل کسی بھی انتظامیہ نے ایسی کوششیں نہ کیں تھیں۔