وزیر اعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت اجلاس، 3600میگاواٹ کے گیس پاورمنصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا

جمعرات 2 مارچ 2017 23:01

وزیر اعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت اجلاس، 3600میگاواٹ کے گیس پاورمنصوبوں ..
لاہور۔2 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 مارچ2017ء) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی زیر صدارت اعلی سطح کااجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں 3600میگاواٹ کے گیس پاورمنصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لیاگیا۔جرمنی کی کنسلٹنٹ کمپنی لے مائر انٹرنیشنل کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر برائے انرجی ڈویژن مائیکل وونیمین اوردیگر ماہرین نے اجلاس میں شرکت کی۔

وزیر اعلیٰ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ توانائی بحران سے نمٹنے کے لئے بجلی کے متعدد منصوبوں پرکام کیا جارہا ہے ۔گیس پاور منصوبوں کی مقررہ مدت میں تکمیل کو ہر صورت یقینی بنانا ہے ۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ 3600 میگاواٹ کے گیس پاور منصوبوںکی تکمیل سے ملک سے لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ ہوگا اوران منصوبوں سے حاصل ہونے والی بجلی عوام کو سستی ملے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ایک ایک لمحہ قیمتی ہے لہذاہم نے تیزی سے منصوبوں کو مکمل کرنا ہے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ منصوبوں کی بروقت اور تیزی سے تکمیل کے لئے جرمن کی جرمنی کی کنسلٹنٹ کمپنی لے مائرانٹرنیشنل اپنی تمام تر پیشہ ورانہ صلاحتیں بروئے کار لائے۔اس موقع پر جرمنی کی کنسلٹنٹ کمپنی لے مائرانٹرنیشنل کے ایگزیکٹو ڈائریکٹربرائے انرجی ڈویژن مائیکل وونیمین نے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ گیس پاور منصوبوں پروزیر اعلیٰ شہباز شریف کی توقعات کے مطابق عملدرآمد کریں گے۔جرمن کمپنی کی جانب سے منصوبوں کو مقرر کردہ مدت میں پایہ تکمیل تک پہنچانے کی یقین دہانی کرائی گئی۔