اربوں روپے کے بلا سود قرضوں کی فراہمی کے پروگرام سے 6 لاکھ چھوٹے کاشتکار مستفید ہو نگے،وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف

تاریخ میں پہلی بار چھوٹے کسانوں کو بلا سود قرضوں کی فراہمی کا شاندار پروگرام شروع کیا گیا ہے ، زرعی پیداوار بڑھے گی اور چھوٹا کاشتکار خوشحال ہو گا ‘ وزیراعلیٰ کی زیر صدارت اجلاس ، کسان پیکیج پر عملدرآمد اور چھوٹے کاشتکاروں کو بلا سود قرضوں کی فراہمی کے پروگرام پر پیشرفت کا جائزہ

جمعرات 2 مارچ 2017 23:01

اربوں روپے کے بلا سود قرضوں کی فراہمی کے پروگرام سے 6 لاکھ چھوٹے کاشتکار ..
لاہور۔2 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 مارچ2017ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی زیر صدارت اعلی سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں کسان پیکیج پر عملدرآمد اور چھوٹے کاشتکاروں کو بلا سود قرضوں کی فراہمی کے پروگرام پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا-اجلاس میں بلا سود قرضوں کی فراہمی کے پروگرام میں پارٹنر بنکوں نے ٹائم لائن کے اندر مقرر اہداف کے حصول کی یقین دہانی کرائی۔

وزیر اعلی محمد شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی تاریخ میں پہلی بار چھوٹے کسانوں کو بلا سود قرضوں کی فراہمی کا شاندار پروگرام شروع کیا گیا ہے اور بلا سود قرضوں کی فراہمی کے اس پروگرام سے زرعی پیداوار بڑھے گی اور چھوٹا کاشتکار خوشحال ہو گا ، پنجاب حکومت نے پروگرام پر عملدرآمد کیلئے جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے شفاف اور فول پروف نظام بنایا ہے جس کے تحت بلاسود قرضوں کی فراہمی کے اس پروگرام سے صرف چھوٹا کاشتکار ہی فائدہ اٹھائے گا،اسی طرح ڈیجیٹل سسٹم کے ذریعے کاشتکاروں کے قرضوں کے حصول کے طریقہ کار کو آسان بنایا گیا ہے۔

(جاری ہے)

اجلاس کے دوران بنکوں سے بلا سود قرضوں کے حصول کیلئے عائد مخصو ص فیس ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہی-وزیراعلی نے کہا کہ بلا سود قرضوں کی فراہمی کا یہ پروگرام زرعی معیشت کے فروغ کے حوالے سے انتہائی اہمیت کا حامل ہے اور ہم سب کو مل کر اس پروگرام کو کامیاب بنانا ہے اور اس کے اہداف حاصل کرنا ہیں - وزیراعلی نے کہا کہ اربوں روپے کے بلا سود قرضوں کے اس پروگرام سے 6 لاکھ چھوٹے کاشتکار مستفید ہو ں گے اور یہ شاندار پروگرام بنکوں اور تمام سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے تیار کیا گیا ہے ،پاکستان کی تاریخ میں پہلی باراس پروگرام سے بے زمین کاشتکار بھی مستفید ہوں گی- انہوں نے کہا کہ چھوٹے کاشتکارکی ترقی کے بغیر زراعت کبھی پھل پھول نہیں سکتی-بد قسمتی سے ماضی میں بنکوں سے اربوں روپے کے قرضے سیاسی بنیادوں پر معاف کرائے گئے اورزرعی معیشت کے فروغ کے لئے چھوٹے کاشتکاروں کو کبھی بنکوں کی طرف سے قرضے نہیں دیئے گئے تا ہم پاکستان مسلم لیگ ن کی حکومت نے کاشتکار کے مفادات کے تحفظ کے لئے بلا سود قرضوں کا پروگرام شروع کیاجو ملک و قوم کی ترقی کی خوشحالی کا عظیم پروگرام ہے - انہوں نے کہا کہ ہماری زرعی معیشت ہے اور اس میں سرمایہ کاری سے قومی معیشت مضبوط ہو گی- انہوں نے کہا کہ پارٹنر ز بنک بلا سود قرضوں کی فراہمی کے پروگرام کو تیزی سے آگے بڑھانے کے لئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں -انہوںنے کہا کہ پروگرام پر عملدرآمد کا جائزہ لینے کے لئے صوبائی وزیر خزانہ پندر ہ دن کے بعد جبکہ میں ہر ماہ اجلاس کی صدارت کروں گا-مائیکروفنانسنگ کے پروگراموں سے معیشت مضبوط ہوتی ہے لہذا پارٹنر بنک پروگرام کو تیزی سے آگے بڑھائیں- چھوٹا کاشتکار ماضی کے حکمرانوں کے دورمیں ہمیشہ بلا سود قرضوں کے حصول کیلئے ترستا رہا ہے لیکن پنجاب حکومت نے بلا سود قرضو ںکا پروگرام شروع کر کے چھوٹے کاشتکا ر کو اس کا حق دیا ہے - انہوں نے ہدایت کی کہ پروگرام کے بارے میں چھوٹے کاشتکاروں کو بھرپور آگاہی دی جائی-سیکرٹری زراعت نے بلا سود قرضوں کی فراہمی کے پروگرام پر عملدرآمد کے حوالے سے بریفنگ دی-صوبائی وزراء ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا، میاں عطا محمد مانیکا، نعیم اختر بھابھہ، مشیران ڈاکٹر اعجاز نبی، ڈاکٹر عمر سیف ، چیئرمین پی ایل آراے رانا بابر حسین، چیف سیکرٹری ، ڈپٹی گورنر سٹیٹ بنک آف پاکستان ، پارٹنر بنکوں کے حکام اور متعلقہ اعلی افسران نے اجلاس میں شرکت کی-

متعلقہ عنوان :