تمباکو اہم نقد آور فصل ، ہزاروں کسانوں خاندانوں کیلئے روزی کا ذریعہ ہے ، پاکستان ٹوبیکو بورڈ کو کسانوں کی فلاح و بہبود کیلئے تمام ضروری اقدامات کرنے چاہئیں ، ٹوبیکو سیس ری فنڈ کے قواعد تمباکو برآمد کنندگان کی مدد کے لئے بنائے گئے ہیں

وزیر تجارت خرم دستگیر کا پی ٹی بی ،پی ٹی سی اور فلپ مورس پاکستان مابین مفاہمتی یادداشت پر دستخطوں کی تقریب سے خطاب

جمعرات 2 مارچ 2017 22:54

تمباکو اہم نقد آور فصل ، ہزاروں کسانوں خاندانوں کیلئے روزی کا ذریعہ ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 02 مارچ2017ء) وزیر تجارت خرم دستگیر خان نے کہاہے کہ تمباکو اہم نقد آور فصل اور ہزاروں کسانوں اور ان کے خاندانوں کے لئے روزی کا ذریعہ ہے ایسے کسانوں کی مدد کرنا موجودہ حکومت کی پالیسی ہے ، پاکستان ٹوبیکو بورڈ کو کسانوں کی فلاح و بہبود کے لئے تمام ضروری اقدامات کرنے چاہئیں اور فعال سوچ اپنانی چاہیے ااور ٹوبیکو سیس ری فنڈ کے قواعد تمباکو برآمد کنندگان کی مدد کے لئے بنائے گئے ہیں۔

وہ جمعرات کو پاکستان ٹوبیکو بورڈ (پی ٹی بی) اور پاکستان ٹوبیکو کمپنی (پی ٹی سی) اور فلپ مورس پاکستان لمیٹڈ ( پی ایم پی کے ایل) کے مابین ہونے والے مفاہمت کی یادداشت پر دستخطوں کی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ اس یادداشت کا مقصد تمباکو کی بہتری کے عمل کے لئے تمباکو گوداموں میں تبدیلیاں لانا ہے۔

(جاری ہے)

دستخطوں کی یہ تقریب وزارت تجارت میںہوئی جس کے دوران پی ٹی بی کے چیئرمین اکرام غنی ، پی ٹی سی سے ارشد خان اور اسد شاہ اور پی ایم پی کے ایل سے ارشاد خان نے دستخط کئے اس سکیم کی کل لاگت 20ملین روپے ہے جو کہ پی ٹی بی اپنے وسائل سے فراہم کرے گا۔

جبکہ نجی شعبہ کی دو کمپنیاں ٹیکنیکل معاونت مفت فراہم کریں گی۔ یہ کمپنیاں رواں سیزن کے دوران تمباکو پر اثرات بارے تجزیہ کریں گی اور چھوٹے کسانوں کو ترجیح دیتے ہوئے تمباکو پیدا کرنے والے اضلاع کو پیداوار کے تناسب سے حصہ دیا جائے گا۔ وزیر تجارت انجینئر خرم دستگیر بھی دستخطوں کے موقع پر موجود تھے۔ سکیم کے تحت تمباکوکے 400گوداموں میں جدید ترین تبدیلیاں لائی جائیں گی۔

ان تبدیلیوں سے تمباکو کو بہتر بنانے کے عمل میں 20سے لے کر 25فیصد بہتری آئے گی اور توانائی کی بھی بچت ہو گی جس کے ماحول پر مضراثرات بھی کم ہوں گے۔ انجینئر خرم دستگیر نے اس موقع پر پی ٹی بی کی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ وہ فعال سوچ اپنائے اور تمباکو کے کاشتکاروں کی فلاح و بہبود کے لئے تمام ضروری اقدامات کئے جائیں۔وزیر نے تمباکو کے گوداموں میں بہتری لانے کی شروعات کو سراہا او رکہا کہ تمباکو کے سیس ری فنڈ قوا عد تمباکو کے برآمد کنندگان کی مدد کے لئے بنائے گئے ہیں۔(و خ )

متعلقہ عنوان :