غیر ملکی سفارت کاروں کے سامنے ٹریول ایڈوائژری مسئلہ اٹھائوں گا ، گورنر سندھ

یقین دلاتاہوں صوبہ میں قیام کے دوران ان کے شہریوں کو ہر ممکن سیکیورٹی فراہم کی جائیگی ،حکومت ہر ممکن سہولیات بھی فراہم کریگی، محمد زبیر بے روزگاری کے خاتمہ کیلئے دور دراز علاقوں میں صنعتیں قائم کی جائیں،ایمپلائرز فیڈریشن آف پاکستان کے صدر مجید عزیز سے گفتگو

جمعرات 2 مارچ 2017 22:47

غیر ملکی سفارت کاروں کے سامنے ٹریول ایڈوائژری مسئلہ اٹھائوں گا ، گورنر ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 مارچ2017ء) گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ حکومت صوبہ میں آنے والے غیرملکی سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سیکیورٹی اور دیگر سہولیات فراہم کرے گی تاکہ وہ ساز گار ماحول میں صوبہ میں سرمایہ کاری کرسکیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایمپلائرز فیڈریشن آف پاکستان کے ایک وفد سے گورنر ہائوس میں ملاقات کے دوران کیا وفد کی سربراہی فیڈریشن کے صدر مجید عزیز کررہے تھے ۔

گورنر سندھ نے مزید کہا کہ وہ غیر ملکی سفارت کاروں سے ملاقات کے دوران ٹریول ایڈوائژری کے مسئلہ کو اٹھائیں گے اور انھیں اس بات کی یقین دہانی کرائیں گے کہ صوبہ میں قیام کے دوران ان کے شہریوں کو ہر ممکن سیکیورٹی فراہم کی جائے گی ۔ گورنر سندھ نے سائوتھ ایشیا فورم آف ایمپلائرز کی جانب سے اپنے اجلاس کو کراچی میں منعقد کرنے کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس ضمن میں ایمپلائرز فیڈریشن آف پاکستان کی کاوشیں قابل تعریف ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے اس کانفرنس کا افتتاح کرنے پر بھی رضامندی کا اظہار کیا ۔ انہوں نے کہا کہ وہ جاپانی سفیر اور قونصل جنرل ہیڈاجاپان کی کانفرنس کراچی میں کرانے کے لئے درخواست کرینگے ۔ انہوں نے وفد کے اراکین پر زور دیا کہ وہ سندھ کے دیگر اضلاع خصوصاً دور دراز علاقوں میں صنعتوں کے قیام کی جانب توجہ دیں تاکہ وہاں بے روزگارنوجوانوں کو ان کی دہلیز پر ملازمت کے مواقع فراہم کئے جاسکیں ۔

انہوں نے آجروں پر مزید زور دیا کہ وہ اپنے ملازمین کو زیادہ سے زیادہ سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنائیں تاکہ صوبہ کی تیز رفتار ترقی و خوشحالی کو یقینی بنایا جاسکے ۔ فیڈریشن کے صدر مجید عزیز نے سندھ بزنس انکلیو کے قیام اور اس کی سربراہی گورنر سندھ اور وزیر اعلیٰ سندھ کو کرنے کی تجویز پیش کی ۔ انہوں نے ایک جامع صنعتی اور محنت کش پالیسی کی تشکیل کے لئے بھی درخواست کی انہوں نے اس ضمن میں صوبہ کے تمام چیمبرز اور تجارتی انجمنوں کی ایک مشترکہ کانفرنس بلانے کی تجویز بھی دی ۔

گورنر سندھ نے کہا کہ اس ضمن میں فیڈریشن اور کراچی چیمبرز کا مشترکہ اجلاس جلد بلایا جائے گا ۔ مجید عزیز نے تجویز دی کہ نجی شعبہ سے سیسی ، ای او بی آئی ، ورکرز ویلفیئر فنڈ اور دیگر اداروں میں نمائندگی کے لئے فیڈریشن کی رائے لی جائے ۔ انہوں نے فیڈریشن ، کراچی چیمبرز ، سی پی ایل سی کے نمائندوں پر مشتمل گورنر ہائوس میں ٹاسک فورس کے قیام کی تجویز بھی دی ۔

متعلقہ عنوان :