چیئرمین سینیٹ میاں رضاربانی کی ہوانا میں کیوبا کے نائب صدر مگیول دیاز کنال سے ملاقات

پارلیمانی اور معاشی شعبوں میں دو طرفہ تعلقات کے فروغ کیلئے مشترکہ کوششوںپر اتفاق

جمعرات 2 مارچ 2017 22:46

چیئرمین سینیٹ میاں رضاربانی کی ہوانا میں کیوبا کے نائب صدر مگیول دیاز ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 مارچ2017ء) ء پاکستان اور کیوبا نے دو طرفہ تعلقات کے فروغ میں جاری پیش رفت کو برقرار رکھنے اور معاشی تعلقات کو مزیدمستحکم بنانے پر اتفاق کیا ہے ۔ اس بات کا اعادہ چیئرمین سینیٹ میاں رضاربانی کی ہوانا میں کیوبا کے نائب صدر مگیول دیاز کنال سے ملاقات میں کیا گیا ۔ میاں رضاربانی کیوبا کے دورے کے دوران پارلیمانی وفد کی قیادت کر رہے ہیں ۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ دونوں ملکوں کے مابین تعلقات کے فروغ میں ہونیوالی موجودہ پیش رفت باعث اطمینان ہے لیکن دونوں ملکوں کے مابین تعلقات کو مزیدمستحکم بنانے اور باہمی تجارت سمیت تمام شعبوں میں تعاون کیلئے بے پناہ مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوںکے ایوانوں کے مابین وفود کے تبادلوں اور انٹر پارلیمانی یونین کے فورم پر باہمی تعاون قابل ذکر ہے ۔

(جاری ہے)

جس کی بنیاد پر مستقبل کے تعلقات کو استحکام دینے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ 2005 ء کے زلزلے کے دوران کیوبا کی امداد پاکستانیوں کی نظر میں بروقت اور قابل تعریف عمل ہے ۔ اور پاکستان نے بھی کیوبا میں آنے والے سمندر ی طوفان کے دوران کیوبا کے عوام کی بھر پور معاونت کی کوشش کی ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان کی جانب سے دونوں ملکوں کے سفارتی تعلقات کی یاد گار کے طور پر چاول کا تحفہ بھی اس سلسلے میں ایک اہم قدم ہے ۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ اچھے تعلقات کو مزید مستحکم سیاسی اور تجارتی روابط میں بدلنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا انتہائی اہم جغرافیائی محل وقوع دیگر ممالک کو وسطیٰ ایشیائی ممالک چین ، اور ایران کے ساتھ تجارت کیلئے اہم راہداری فراہم کرتا ہے ۔ انہوں نے کیوبا کے نائب صدر کو بتایا کہ پاکستان اپنے ہمسایہ ممالک کے ساتھ اچھے تعلقات کا خواہاں ہے ۔

لیکن بھارت نے پاکستان کی امن کی خواہش کا مثبت جواب نہیں دیا ۔ بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے مظالم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر دنیا کو خاموش نہیں رہناچاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے پاکستان میں ہونیوالے سارک کے اجلاس کو بھی سبوتاژ کیا ہے ۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف دنیا کی تمام اقوام کے مقابلے میں زیادہ نقصان اٹھایا ہے اور دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پاکستانی قوم کی قربانیوں کے ساتھ ساتھ کوششیں بھی فقید المثال ہیں ۔

متعلقہ عنوان :