یونیورسٹی روڈشہر کی انتہائی اہم سڑک ہے اس کی تعمیر میں کوئی کوتاہی یا غفلت برداشت نہیں کی جائے گی، میئر کراچی وسیم اختر

کراچی پاکستان کو پال رہا ہے مگر خود تباہی کے دہانے پر ہے،500 ارب روپے ریونیو دینے والے شہر کو 50 کروڑ روپے دینا باعث حیرت ہے پاکستان سپر لیگ میںہماری تمام ہمدردریاں اور نیک تمنائیں کراچی کی ٹیم کے ساتھ ہیں، یونیورسٹی روڈ کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو

جمعرات 2 مارچ 2017 22:40

یونیورسٹی روڈشہر کی انتہائی اہم سڑک ہے اس کی تعمیر میں کوئی کوتاہی ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 مارچ2017ء) میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ یونیورسٹی روڈشہر کی انتہائی اہم سڑک ہے اس کی تعمیر میں کوئی کوتاہی یا غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ کراچی پاکستان کو پال رہا ہے مگر خود تباہی کے دہانے پر ہی500 ارب روپے ریونیو دینے والے شہر کو 50 کروڑ روپے دینا باعث حیرت ہے ۔ پاکستان سپر لیگ میںہماری تمام ہمدردریاں اور نیک تمنائیں کراچی کی ٹیم کے ساتھ ہیںان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کی شام یونیورسٹی روڈ کا دورہ کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر بلدیہ شرقی کے چیئرمین معید انور، ڈائریکٹر جنرل ٹیکنیکل سروسز شہاب انور، ڈائریکٹر جنرل پارکس آفاق مرزا، سینئر ڈائریکٹر میونسپل سروسز مسعود عالم، سینئر ڈائریکٹر کچی آبادی نذیر لاکھانی بھی ان کے ہمراہ تھے۔

(جاری ہے)

میئر کراچی نے کراچی یونیورسٹی سے صفورہ چوک تک یونیورسٹی روڈ کے تعمیراتی کاموں کا جائزہ لیا اور وہاں ہونے والے کاموں سے متعلق تفصیلات معلوم کیں انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی روڈ پر پانی و سیوریج کی نئی لائنیں ڈالی جا رہی ہیں اگر ایسا نہ کیا جاتا تو کثیر رقم سے تعمیر ہونے والی یہ سڑک جلد ہی ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوجاتی اور پائیدار ثابت نہ ہوتی لہٰذا پانی و سیوریج کی نئی لائنیں ڈالنے سے پائپ لائنوں سے پانی کے رسائو کا مسئلہ درپیش نہیں ہوگا اور شہری اس اہم ترین سڑک کو باسہولت استعمال کرسکیں گے میئر کراچی وسیم اختر نے کہا کہ ہمیں اس شہر کی تعمیر اسی جذبے کی طرح کرنی ہے جس طرح ہم اپنے گھر کی تعمیر کرتے ہیں ہم سب کی اجتماعی کوشش یہی ہے کہ شہر کے مسائل کو جلد از جلد حل کیا جائے انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی روڈ کی تعمیر کے باعث عوام اور ٹریفک کو یہاں گزرنے میں ہونے والی پریشانی کا بخوبی اندازہ ہے اسی لئے ہم یہ چاہتے ہیں کہ اس کام کو جتنا جلدہوسکے مکمل کرلیا جائے، انہوں نے کہا کہ بطور میئرکراچی یہ میری ذمہ داری ہے کہ شہر اور شہریوں کی بہتری کے لئے ہونے والے تمام کاموں کی نگرانی کروں اور ان کی جلد از جلد تکمیل کے لئے تمام تر کوششیں بروئے کار لائوںاسی وجہ سے میں خود تمام زیر تعمیر منصوبوں کا وقتاً فوقتاً دورہ کرکے ان پر جاری کاموں کا جائزہ لے رہا ہوں ، ایک سوال کے جواب میں میئر کراچی نے کہا کہ پاکستان سپر لیگ میں کراچی کنگ کی ٹیم جیتی تو فتح ٹیم کا ایئرپورٹ پر شاندار استقبال کیا جائے گا اور بلدیہ شرقی کے چیئرمین معید انور کی جانب سے ٹیم کے اعزاز میں شاندار استقبالیہ دیا جائے گا۔