ہم سے حساب مانگنے والوں کی کرپشن کی داستانیں زبان زدعام ہیں، عابدشیرعلی

جمعرات 2 مارچ 2017 16:43

ہم سے حساب مانگنے والوں کی کرپشن کی داستانیں زبان زدعام ہیں، عابدشیرعلی
ملتان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 02 مارچ2017ء) وزیرمملکت پانی وبجلی عابدشیرعلی نے کہا ہے کہ سیاسی مخالفین نے ہمیشہ ملکی ترقی کا راستہ روکنے کی کوشش کی، ہم سے حساب مانگنے والوں کی کرپشن کی داستانیں زبان زدعام ہیں۔پاناما کیس میں مسلم لیگ ن کی قیادت سپریم کورٹ سے سرخرو ہوکرنکلے گی۔حکومت بجلی بحران کے خاتمہ کے لئے دن رات جدوجہد کررہی ہے، جلد 3600میگاواٹ بجلی سسٹم میں آنے والی ہے،ماہ رمضان سے قبل قوم خوشخبری سنے گی۔

یوتھ ونگ کے نوجوان کارکنان پارٹی کا اثاثہ ہیں ،ان کی پارٹی کیلئے قربانیوں کو بھلایا نہیں جاسکتا۔وہ ملتان میں مسلم لیگ(ن)یوتھ ونگ کے عہدیدران کو نوٹیفیکشن دینے کی تقریب سے خطاب کررہے تھے ۔اس موقع پر مسلم لیگ(ن)یوتھ ونگ کے سٹی صدر زاہدعدنان گڈو، ضلعی سینئرنائب صدرفری،مسلم لیگ(ن) یوتھ ونگ کے رہنماچوہدری آصف،عمران انصاری ودیگر بھی موجود تھے،وزیرمملکت پانی وبجلی نے کاشف خان کو یوتھ ونگ ملتان سٹی کے نائب صدر،وقاص بلوچ کو یوتھ ونگ سٹی کے کوارڈینٹر اورمحمداویس یوسی 36کے صدرکے عہدے کا نوٹیفکیشن دیا ۔

(جاری ہے)

عابدشیرعلی کا اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ملک ترقی کی جانب گامزن ہے لیکن یہ ترقی بعض سیاسی جماعتوں سے ہضم نہیں ہورہی۔ ترقی کا راستہ روکنے کے لئے جان بوجھ کر حالات خراب کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں لیکن مسلم لیگ (ن) کی حکومت اندرونی اور بیرونی دہشت گردوں سے ڈرے بغیر اپنا کام کررہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ملکی ترقی کے دشمنوں کی سازشیں ناکام ہوں گی،وزیراعظم نوازشریف کی قیادت میں ملکی ترقی وخوشحالی کا سفرجاری رہے گا۔

2018کے انتخابات میں بھی مسلم لیگ (ن)کامیاب ہوکرحکومتیں بنائی گئی ۔انہوں نے کہا کہ حکومت بجلی بحران کے خاتمہ کیلئے دن رات مصرو ف ہے ، ۔ بجلی کی ہزاروں میگاواٹ پیداوار کے پانی، گیس، ایل این جی، کوئلہ، سولر اور ونڈ انرجی کے منصوبوں پر کام تیزی سے جاری ہے ۔ رواں سال موسم گرما میں گزشتہ سال کی نسبت لوڈشیڈنگ کم کی جائے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ مسلم لیگ(ن)یوتھ ونگ کے کارکنان پارٹی کا اثاثہ ہیں،ان کی پارٹی کیلئے دی گئی خدمات کو نظراندازنہیں کیا جاسکتا ،آئندہ الیکشن میں نوجوانوں کا کردار اہم ہوگا۔