بلوچستان کو ایک بار پھر سے امن کا گہوارہ بنانے کا تہیہ کررکھا ہے‘ بلوچستان امن اور ترقی کی راہ پر گامزن ہوچکا ہے اور اس راستے میں کوئی رکاوٹ برداشت نہیں کی جائے گی، وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری

بدھ 1 مارچ 2017 23:01

کوئٹہ۔ یکم مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 مارچ2017ء) وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے کہا ہے کہ ہم نے بلوچستان کو ایک بار پھر سے امن کا گہوارہ بنانے کا تہیہ کررکھا ہے‘ بلوچستان امن اور ترقی کی راہ پر گامزن ہوچکا ہے اور اس راستے میں کوئی رکاوٹ برداشت نہیں کی جائے گی ، موجودہ حکومت کی بہترین پالیسیوں ، سیکورٹی فورسز کی شاندار کارکردگی اور عوام کے بھرپور تعاون کے باعث آج بلوچستان میں امن وامان کی صورتحال ماضی کے مقابلے میں بہت بہتر ہے جس کا ایک بڑا ثبوت سبی کے تاریخی میلے کا شایان شان انعقاد بھی ہے۔

سبی میلے کے افتتاح کے موقع پر جاری اپنے ایک بیان میں وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ بلوچستان میں گذشتہ چند سالوں سے امن وامان کی صورتحال کے باعث سبی میلے کا انعقاد اکثر مشکوک رہا ہے اس بار بھی بعض عناصرنے افواہ پھیلائی کہ غالباً میلہ منعقد نہیں ہوسکے گا تاہم حکومت نے عارضی طور پر ملتوی کئے گئے سبی میلہ کا انعقاد یقینی بنایا ہے ۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے کہا کہ سبی میلہ بلوچستان میں ثقافتی اور کاروباری سرگرمیوں کے مرکز کی حیثیت سے تاریخی اہمیت کا حامل ہے، قیام پاکستان کے قبل سے تاریخی سبی دربارریاست اور عوام کے مابین فعال اور متحرک رابطے کی علامت ہے اور ہمارے لیے یہ بات باعث فخر ہے کہ اس تاریخی میلہ میں دیگر اکابرین کے علاوہ بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح نے بھی شرکت کی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سبی میلے کی زرعی و صنعتی نمائش اورمال مویشیوں کی منڈی کے علاوہ دیگر رنگا رنگ تقاریب کو خصوصی اہمیت حاصل ہوتی ہے۔جس میں ملک بھر سے لوگ شرکت کرکے بھرپور دلچسپی کا مظاہرہ کرتے ہیں اس تناظر میں سبی میلہ قومی یک جہتی کی روشن علامت بھی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ سبی میلے میں مالداروں کو مال مویشیوں کی خرید و فروخت اور ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کا نادر موقع بھی ملتا ہے جو یقیننًا مالداری کی ترقی میں اہمیت کا حامل ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ وہ سبی کے تاریخی میلہ میں صوبے کے مختلف علاقوں اور دیگر صوبوں سے آئے ہوئے لوگوں کا تہہ دل سے خیر مقدم کرتے ہیں اور انہیںیقین ہے کہ قومی یکجہتی اور بھائی چارے کا یہ ماحول مستقبل میں مزید مستحکم ہوگا۔

متعلقہ عنوان :