کوہاٹ، پولیس نے خود کار ہتھیاروں سے بھری گاڑی پکڑ کر دہشتگردی کا خطرناک منصوبہ ناکام بنادیا

بدھ 1 مارچ 2017 23:44

کوہاٹ، پولیس نے خود کار ہتھیاروں سے بھری گاڑی پکڑ کر دہشتگردی کا خطرناک ..
کوہاٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 01 مارچ2017ء) کوہاٹ پولیس نے خود کار ہتھیاروں سے بھری گاڑی پکڑ کر دہشتگردی کا خطرناک منصوبہ ناکام بنادیا ہے۔کوہاٹ ٹنل کے قریب پولیس چیک پوسٹ پر تلاشی کے دوران سوزوکی پک اپ سے بڑی تعداد میں برآمد ہونیوالا اسلحہ پاکستان اور پڑوسی ملک افغانستان میں ٹارگٹ کلنگ،سیکیورٹی فورسز پر حملوں اور دہشتگردی کے دیگر مقاصد کیلئے سمگل کیا جارہا تھا۔

پکڑا گیا اسلحہ درہ آدم خیل کے مقامی ساخت کا ہے اور گرفتار اسلحہ سمگلر کا تعلق کوہاٹ سے ہے۔ابتدائی پوچھ گچھ کے دوران ملزم نے خود کار ہتھیار وں کی کھیپ علاقہ غیر درہ آدم خیل سے قبائلی ایجنسی وزیرستان کے راستے افغانستان سمگل کرنے کا اعتراف جرم کرلیا ہے۔ایس پی آپریشنز کوہاٹ طارق محمود نے ڈی ایس پی صدر سرکل حسین غلام بنگش،ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹر عبدالرشید اور ایس ایچ او تھانہ محمد ریاض شہید امجد حسین کے ہمراہ پرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے حساس سیکیورٹی صورتحال اور دہشتگردی کی حالیہ لہر کے پیش نظر کوہاٹ شہر میں جگہ جگہ ناکہ بندیاں قائم کرکے شہر میں داخل ہونیوالی گاڑیوں اورافراد کی چیکنگ کا سلسلہ مزید سخت کردیا گیا ہے اور چیکنگ کے اس سلسلے میں ایس ایچ او تھانہ محمد ریاض شہید انسپکٹر امجد حسین نے پولیس نفری کے ہمراہ بدھ کی علی الصبح کوہاٹ انڈس ہائی وے پر ٹنل ٹول پلازہ کے قریب واقع پولیس چیک پوسٹ میں ناکہ بندی کرکے گاڑیوں کی تلاشی شروع کررکھی تھی کہ اس اثناء میں علاقہ غیر درہ آدم خیل سے کوہاٹ کے راستے جنوبی وزیرستان کے صدر مقام وانا جانے والی ایک مشکوک سوزوکی نمبر BA.9719کو تلاشی کی غرض سے روک لیا گیا۔

(جاری ہے)

پولیس ٹیم نے تلاشی کے دوران سوزوکی پک اپ گاڑی کے چھت میں بنے خفیہ خانے میں نہایت مہارت سے چھپائے گئے لاکھوں مالیت کے خود کار ہتھیاروں کی بڑی کھیپ برآمد کرکے گاڑی میں سوار بین الاقوامی اسلحہ سمگلر محمد جہانزیب ولد محمد زرین ساکن خواجہ آباد نور الٰہی کالونی آفریدی بانڈہ کوہاٹ کو حراست میں لے لیا۔ایس پی آپریشنز طارق محمود نے بتایا کہ سوزوکی پک اپ سے برآمد ہونے والے غیر قانونی اسلحہ میں 30عدد کلاشنکوف، 98عددمختلف بور کے پستول،4عدد سلنسراور مختلف قسم کے مجموعی طور پر 2700عدد کارتوس شامل ہیںجو علاقہ غیر درہ آدم خیل سے وزیرستان کے راستے پڑوسی ملک افغانستان سمگل کیا جارہا تھا۔

انہوں نے کہا کہ پکڑے گئے جملہ ہتھیار خود کار ہیںجن میں سے زیادہ تر ہتھیاروں کیساتھ سلنسر نصب ہیں جو دنیا بھر میں دہشتگرد اہم شخصیات کو ٹارگٹ کرنے کیلئے استعمال کرتے ہیںجو فائرنگ کی آواز کوخاموش کرتی ہے او ر سلنسر کے استعمال سے ٹارگٹ کلرز اپنا ہدف آسانی سے حاصل کرلیتے ہیں۔ایس پی آپریشنز کا کہنا تھا کہ گرفتار اسلحہ سمگلرکے خلاف تھانہ محمد ریاض شہید میں خود کار ہتھیار سمگل کرنے کے جرم میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے اور اس کی انٹاروگیشن اور انوسٹی گیشن کیلئے خصوصی تفتیشی ٹیم تشکیل دی گئی ہے جس سے دوران تفتیش مزیداہم انکشافات کی توقع ہے تاکہ اصل حقائق منظر عام پر لائے جاسکیں کہ اتنی بڑی تعداد میں مہلک اورخود کار اسلحہ دہشتگردی کے کونسے منصوبے کو عملی جامہ پہنانے کی غرض سے وزیرستان اور بعد ازاں افغانستان سمگل کیا جارہا تھا۔

انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کی سازش کو ناکام بناکر خود کار ہتھیاروں سے بھری گاڑی کو پکڑنے والی پولیس پارٹی کیلئے ڈی آئی جی کوہاٹ ریجن اول خان نے نقد انعامات اور توصیفی اسناد دینے کا بھی اعلان کیا ہے۔

متعلقہ عنوان :