ضلع ملیر سے ہماری سیاسی اور روحانی محبت ہے۔ وزیر اعلیٰ سندھ

بدھ 1 مارچ 2017 23:30

ضلع ملیر سے ہماری سیاسی اور روحانی محبت ہے۔ وزیر اعلیٰ سندھ
کراچی ۔ یکم مارچ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 مارچ2017ء) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ ضلع ملیر سے ہماری سیاسی اور روحانی محبت ہے یہ ضلع ہماری شہید قائد محترمہ بے نظیر بھٹو نے بنایا تھا اس لئے ہم اس ضلع کی ترقی کے لئے پارٹی قیادت کے حکم پر خصوصی اقدامات اٹھا رہے ہیں اور ہم عوام کو یہاں سڑکیں، اسپتال، صحت کی سہولیات اور دیگر بنیادی سہولیات شہر کی بنیاد پر فراہم کریں گے۔

ان خیالات انہوں نے ضلع ملیر کے طوفانی دورے جو آسو گوٹھ سے شروع ہو کر دنبہ گوٹھ میں ختم ہوا میں مختلف صحت کے مراکز کا افتتاح کرتے ہوئے عوام اور میڈیا سے باتیں کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ہینڈز کی جانب سے منعقد ہونے والی مراد میمن گوٹھ میں سندھ گورنمنٹ ہسپتال کی افتتاحی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ ہسپتال 48 ملین روپوں کی لاگت سے تعمیر کیا گیا ہے اور یہ ہسپتال 36 بستروں پر مشتمل ہے۔

(جاری ہے)

وزیر اعلیٰ سندھ سیدمراد علی شاہ نے کہاکہ پاکستان میں صحت کے سرکاری مراکز میں معیاری صحت کی دستیابی ایک بڑا چیلنج ہے جو پسماندہ علاقوں میں 20 فیصد بنیادی صحت مراکز اور 46 فیصد رورل ہیلتھ سینٹر کی10 سے 20 کلومیٹر کے فاصلے پر رہائش پذیر ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں 10 میں سے ایک بچے کو اپنی پانچویں سالگر ہ دیکھنا نصیب نہیں ہوتی ہے اور45 فیصد بچے غذائی کمی کے باعث چھوٹے قد کا شکار ہوجاتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ صحت نے معیاری سہولیات مہیا کر نے کیلئے تکنیکی و انتظامی امور غیر سرکاری تنظیموں کو دینے کا فیصلہ کیا۔ انہوں نے مزید کہا ہینڈ ز اور محکمہ صحت کے درمیان سندھ پبلک پرائیوٹ پارٹنرشپ کے تحت معاہدہ ہوا ہے اور اس منصوبے کا مقصد انتظامی امور کو بہتر بنانا ہے تاکہ عوام کو بنیادی سہولیات مل سکیں۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے کہاکہ مسئلوں کا حل باہر سے نہیں آئے گا مسئلوں کا حل سب کو مل کر ڈھونڈنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کا یہ نصب العین ہے کہ ہم نے لوگوں کی خدمت کرنی ہے ہمیں شہید ذوالفقار علی بھٹو اور محترمہ بینظیر بھٹو نے یہ ہی سکھایا ہے اور ہم لوگوں کی خدمت کرنے کے لئے حاضر ہیں جہاںکوتاہی ہوگی ہمیں بتائیں لیکن جو اچھے کام ہم کر رہے ہیں ان میں ہمارا ساتھ دیں تاکہ ہم جلد سے جلد معاملات کو ٹھیک کر سکیں۔ وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ بنیادی سروے کروانے کے لئے ایک بیرونی کنسلٹنٹ کی خدمات حاصل کی گئی تھی جس نے 38 صحت مراکز کا سروے کیا اور ان کی سروے رپورٹ میں ان صحت مراکز میں بنیادی سہولیات کا شدید فقدان اور ان مراکز کے بارے میں بہت ہی مایوس کن صورتحال کی نشاندہی کی گئی جس میں ان صحت کے مراکز میں عملہ کی حاضری 568 عملے میں سے صرف 36.6 فیصد تھی، کوئی آپریشن تھیٹر موجود نہیں تھا اور نہ ہی بچوں کے انتہائی دیکھ بھال کے مرکز کا وجود تھا ، قانونی بجلی کے کنیکشن صرف 8 مراکز صحت میں میسر تھے، صرف 6 میں پائپ کے ذریعے پانی کی سپلائی اور صرف 2 میں گیس کنیکشن کی سہولیات تھیں، ان اسپتالوں میں صرف ایک جگہ ٹیلی فون کنیکشن اور صرف 3 مراکز میں ویل چئیرز اور اسٹریچر موجود تھے ، ایک میں جنریٹر اور اور ایک پر سائن بورڈ موجود تھا ، آدھی سے زائد سہولیات میں چاردیواری کا نام و نشان بھی نہ تھا۔

آدھے سے زائد اسپتالوں کے ٹوائلٹ قابل استعمال نہیں تھے، 3 ایمبولینسیں کام کر رہی تھی، خاندانی منصوبہ بندی کی سہولیات صرف 5 جگہ موجود تھی اور ایک بھی الٹر سائونڈ ایکسرے مشین موجود نہیں تھی۔ تقریب میں وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کے ہمراہ صوبائی وزراء جام خان شورو، ڈاکٹرز سکندر میندھرو ، امدا د پتافی اور ملیر کے ایم پی اے ساجد جوکھیو، چیف ہینڈ غفار بلو اور دیگر اعلی افسران بھی موجود تھے۔

بعد ازاں وزیر اعلیٰ سندھ نے دنبہ گوٹھ میں زیر تعمیر محترمہ شہید بے نظیر بھٹو ریہیبیلی سینٹر فار برنس اینڈ ریپ سروائیورکا جائزہ لیا اور کہا مجھے خوشی ہے کہ 22 سال قبل میرے والد کے ہاتھوں سنگ بنیاد ر کھا جانے والے سینٹر کا افتتاح ہوگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سینٹر میں پانی اور بجلی نہیں ہے وہ بھی سہولیا ت فراہم کریں گے اور ضلع ملیر میں واٹر بورڈکی ڈویژن بنا دی ہے جو پانی کی بڑی اسکیم شروع کر رہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پورے سندھ کے لوگوں کی بلا امتیاز خدمت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پورے سندھ سے دہشت گردی کا خاتمہ کریں گے۔ ایک صحافی نے وزیراعلیٰ سندھ سیدمراد علی شاہ سے سوال کیا کہ وزیرصحت ڈاکٹر سکندر میندرو اپنے دفتر میں نہیں بیٹھتے اور عوام کو سہولتیں نہیں ملتیں اس پر وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہاکہ میں اتفاق نہیں کرتا صوبائی وزیر صحت پورے سندھ کے ہسپتالوں کا دورہ کر رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ برنس ہسپتال میٹر نٹی ہوم تھا جس کو اپ گریڈ کرکے برنس سینٹر بنایا گیا ہے، یہ ہسپتال جنرل ہسپتال کے طور پر کام بھی کر رہا ہے،اس ہسپتال کا میٹر نٹی ہوم اچھی مشینری سے لیس ہے اور مریضوں کی بھر پور خدمات کر رہا ہے۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ہسپتال میں مزید ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف دینے کا بھی اعلان کیا۔

متعلقہ عنوان :