ڈپٹی کمشنر گھوٹکی سید اعجاز علی شاہ کا قادرپور کے مزدور کے کینسر میں مبتلا 4 سالا بیٹے کی خبروں کا نوٹس

بدھ 1 مارچ 2017 23:30

میرپور ماتھیلو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 مارچ2017ء)ڈپٹی کمشنر گھوٹکی سید اعجاز علی شاہ نے قادرپور کے مزدور کے کینسر میں مبتلا 4 سالا بیٹے کی خبروں کا نوٹس لیتے ہوئے ڈسٹرکٹ ہیلتھ افسر کو ہدایات دی ہیں کہ وہ ڈاکٹروں کی ٹیم کے ساتھ متاثر بچے کے گھر جاکر معائنہ کریں اور علاج کے لیے فوری طور پر بندوبست کریں ۔ اس سلسلے میں ہونے والی پیشرفت سے آگاہ کیا جائے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ کوشش کریں گے بچے بہتر سے بہتر علاج ہو سکے تاکہ وہ تکلیف سے بچ سکے۔ دوسری جانب ڈپٹی کمشنر کی ہدایت پر محکمہ صحت کی ٹیم نے متاثر بچے کا معائنہ کیا اور اسے محکمہ صحت کی ایمبولینس میں نیشنل انسٹیٹیوٹ فار چائلڈرن ہیلتھ کراچی منتقل کرنے کا بندوبست کیا گیا ہے جہاں پر بچے کا مفت علاج کیا جائے گا اور ادویات بھی فراہم کی جائیں گی۔ ڈپٹی کمشنر کی جانب سے بچے کی مالی مدد بھی کی گئی ہے ۔