وزیر اعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت اجلاس، توانائی کے مختلف منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا ‘توانائی منصوبوں کی تکمیل سے اندھیرے دور اورصارفین کو سستی بجلی ملے گی‘جھنگ، شیخوپورہ اور بلوکی میں لگنے والے 3600 میگاواٹ کے گیس پاور پراجیکٹس رواں سال مکمل ہونگے ‘ساہیوال کول پاور پلانٹ ریکارڈ مدت میں مکمل ہوگا،جس سے 1320میگا واٹ بجلی نیشنل گرڈ میں شامل ہوگی، محمد شہباز شریف

بدھ 1 مارچ 2017 23:25

وزیر اعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت اجلاس، توانائی کے مختلف منصوبوں پر پیش ..
لاہور۔یکم مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 مارچ2017ء) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی زیر صدارت بدھ کواعلی سطح کا اجلاس منعقد ہوا،جس میں پنجاب میں توانائی کے مختلف منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا، وزیر اعلیٰ محمد شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں توانائی بحران کے خاتمے کیلئے دن رات کی کاوشیں رنگ لا رہی ہیں اورملک بھر میں جاری توانائی کے منصوبے تکمیل کی جانب بڑھ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ توانائی منصوبو ں پر کام کرنے کے حوالے سے محنت، امانت، دیانت اور جہد مسلسل کی نئی تاریخ رقم ہو رہی ہے،پنجاب کے علاقوں جھنگ، شیخوپورہ اور بلوکی میں لگنے والے 3600 میگاواٹ کے گیس پاور پراجیکٹس رواں سال مکمل ہوں گے،ان منصوبوں میں 112 ارب روپے کی بچت کی گئی ہے، وزیر اعلی نے کہا کہ گیس کی بنیاد پر لگنے والے 3600میگا واٹ کے منصوبی27ماہ کی ریکارڈ مدت میں مکمل ہونے جا رہے ہیں جبکہ 1320میگاواٹ کاساہیوال کول پاور پلانٹ بھی ریکارڈ مدت میں مکمل ہونے جا رہا ہے، اس منصوبے کی تکمیل سے 1320میگا واٹ بجلی نیشنل گرڈ میں شامل ہوگی،یہ منصوبہ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا، انہوںنے کہا کہ توانائی منصوبوں کی تکمیل سے ملک سے اندھیرے دور ہوں گے اورصارفین کوبجلی سستی بھی ملے گی،پنجاب حکومت کوئلے، گیس، ہوا، سولراور دیگر ذرائع سے بجلی کے حصول کے منصوبوں کوآگے بڑھا رہی ہے۔

(جاری ہے)

انہو ںنے کہا کہ قائداعظمؒ سولر پارک بہاولپور میں پنجاب حکومت نے 100میگا واٹ کا سولر منصوبہ اپنے وسائل سے لگایاہے جبکہ ترک کمپنی زورلوانرجی کے ساتھ سولر پاور پراجیکٹ کے منصوبوں کے حوالے سے معاہدے کئے گئے ہیں۔ صوبائی وزیر خزانہ ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا، وفاقی سیکرٹری پانی وبجلی، چیئرمین قائداعظم سولر پاور لمیٹڈ،جنرل منیجر پیپکو، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات،چیف ایگزیکٹو آفیسر لیسکو، ایم ڈی این ٹی ڈی سی اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔