Live Updates

وزیراعلیٰ کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی برائے امن وامان کا خصوصی اجلاس، پاکستان سپر لیگ کے فائنل میچ کے سکیورٹی ودیگر انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا ‘انٹری پوائنٹس سے شائقین کو سٹیڈیم تک لیجانے کیلئے خصوصی فری بس شٹل سروس چلانے کا فیصلہ

پی ایس ایل کا فائنل میگاایونٹ ہے، پرامن اور محفوظ ماحول میں اس کا انعقاد یقینی بنائینگے،فائنل میچ کا لاہور میں انعقاد پوری قوم کی خواہش ہے، وزیراعظم اورآرمی چیف کی مشاورت ومعاونت بھی حاصل ہے، متعلقہ ادارے ومحکمے آپس میں قریبی رابطہ رکھتے ہوئے فرائض سرانجام دیں، محمد شہباز شریف

بدھ 1 مارچ 2017 23:25

وزیراعلیٰ کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی برائے امن وامان کا خصوصی اجلاس، ..
لاہور۔یکم مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 مارچ2017ء) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی زیر صدارت بدھ کو یہاں صوبائی کابینہ کمیٹی برائے امن وامان کا خصوصی اجلاس منعقد ہوا جس میںپاکستان سپر لیگ کے فائنل میچ کے سکیورٹی ودیگر انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیاگیا۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لاہور میں پی ایس ایل کا فائنل میچ میگاایونٹ ہے، اسے کامیاب بنانے کیلئے ہم سب نے دن رات محنت کرنی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پرامن اور محفوظ ماحول میں فائنل میچ کا انعقاد یقینی بنائیں گے اور فائنل میچ کے دوران سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے جائیں گے ، وزیر اعلی نے کہا کہ لاہور میں پی ایس ایل کے فائنل کا انعقاد پورے ملک کیلئے باعث اعزاز ہے اورآپ سب نے مل کر اجتماعی کاوشوں کے ساتھ میچ کے انتظامات کو خوب سے خوب تر بنانا ہے ،فائنل میچ کا لاہور میں انعقاد پوری قوم کی خواہش ہے اور اس ضمن میں وزیراعظم محمد نوازشریف اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی مشاورت اورمعاونت بھی حاصل ہے،یہ پاکستان کی عزت کا معاملہ ہے اس پر حرف نہیں آنے دیں گے،انہوںنے کہا کہ ہنگامی حالات میں ہمیشہ غیر معمولی اقدامات کرنے پڑتے ہیں، فائنل میچ کے انعقاد کیلئے جس طرح آپ سب کام کررہے ہیں،مجھے یقین ہے کہ انشاء اللہ آپ ضرور سرخرو ہوں گے۔

(جاری ہے)

وزیراعلی نے متعلقہ محکموں او راداروں کے حکام کو ہدایت کی کہ سکیورٹی کے ساتھ دیگر تمام انتظامات بھی انتہائی شاندار ہونے چاہئیں، اس سلسلہ میںمتعلقہ ادارے اورمحکمے آپس میں قریبی رابطہ رکھتے ہوئے فرائض سرانجام دیں ،صوبائی کابینہ کمیٹی برائے امن وامان باقاعدگی سے تمام انتظامات کا جائزہ لے جبکہ میں بھی روزانہ کی بنیاد پر انتظامات کا جائزہ لوں گا،انہوں نے ہدایت کی کہ ٹریفک کے بہترین متبادل انتظامات کر کے عوام کو آگاہ کیا جائے تاکہ انہیں متبادل ٹریفک روٹس سے مکمل آگاہی ہو ،اجلاس کے دوران انٹری پوائنٹس سے شائقین کو سٹیڈیم تک لیجانے کیلئے خصوصی فری بس شٹل سروس چلانے کا فیصلہ کیاگیا،وزیراعلی نے کہا کہ شائقین کیلئے فری بس شٹل سروس فراہم کی جائے گی جس کے ذریعے انہیں سٹیڈیم لے جایا جائے گا، انہوں نے ہدایت کی کہ سٹیڈیم کے اندر اور باہر صفائی کے بہترین انتظامات ہونے چاہئیں،میچ کے دوران سٹیڈیم کے اندر اور سٹیڈیم کے داخلی و خارجی راستوں پر بلاتعطل بجلی کی فراہمی یقینی بنائی جائے ،روٹ سمیت پورے لاہور کو برقی قمقموں سے روشن کیا جائے۔

انہوںنے کہا کہ شائقین کو ٹکٹوں کی دستیابی کے حوالے سے اوور چارجنگ کی شکایت نہیں ہونی چاہیے،اجلاس کے دوران مساجد،امام بارگاہوں،گرجا گھروں اوردیگر عبادت گاہوں کی سکیورٹی بھی مزید سخت کرنے کا فیصلہ کیا گیا،وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ لاہورسمیت پنجاب کے دیگر شہروں میں سکیورٹی کے بہترین انتظامات کیے جائیںاور اس ضمن میں ہر ضروری اقدام اٹھایا جائے۔

انہوںنے کہا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے تمام ضروری اقدامات کیے جارہے ہیں ، اس حوالے سے متعلقہ محکمے اپنے وضع کردہ پلان کے مطابق فرائض کی ادائیگی ہر قیمت پر یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہاکہ یہ ہمارا مشترکہ چیلنج اور قومی مفاد کا تقاضاہے کہ محنت ،جذبے اورعزم سے فائنل میچ کے انعقاد کو کامیاب بنایا جائے۔ اس موقع پرسیکرٹری داخلہ اورکمشنر لاہور ڈویژن نے فائنل میچ کیلئے سکیورٹی ودیگر انتظامات کے بارے تفصیلی بریفنگ دی۔

صوبائی وزراء ،رانا ثناء اللہ،رانا مشہود احمد ،ایوب گادھی،سید رضا علی گیلانی،جہانگیر خانزادہ،مشیر رانا مقبول احمد ،معاون خصوصی ملک محمد احمد خان،مشیر عمر سیف،چیف سیکرٹری ،انسپکٹر جنرل پولیس،قانون نافذ کرنیوالے سول و عسکری اداروں کے اعلی حکام اور متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز و اعلی افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔
Live پی ایس ایل 9 سے متعلق تازہ ترین معلومات