انسانیت کی خدمت کا جذبہ دوسروں سے ممتاز کرتا ہے ، گورنر سندھ

ہلال احمر صوبہ میں نمایاں خدمات سرانجام دینے والا سر فہرست ادارہ ہے، حکومت منصوبوں میں بھرپور مدد اور تعاون فراہم کریگی،محمد زبیر صوبہ میں بعض ادارے جذبہ انسانیت کے تحت عوام کی خدمات میں معمور ہیں، گورنر ہائوس میں ہلال احمر پاکستان کی چیئر پرسن فرزانہ نائیک سے گفتگو

بدھ 1 مارچ 2017 23:16

انسانیت کی خدمت کا جذبہ دوسروں سے ممتاز کرتا ہے ، گورنر سندھ
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 مارچ2017ء) گورنر سندھ محمد زبیر سے ہلال احمر پاکستان کی چیئر پرسن فرزانہ نائیک نے گورنر ہائوس میں ملاقات کی ۔ ملاقات میں صوبہ میں ہلال احمر کے جاری منصوبے ، سرگرمیاں ، غریبوں کے علاج و معالجہ کے اٹھائے گئے اقدامات سمیت اہمیت کے حامل دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ اس موقع پر ہلال احمر پاکستان کے سیکریٹری جنرل کنور وسیم بھی موجود تھے ۔

گورنر سندھ نے صوبہ میں جاری ہلال احمر کے کاموں کو سراہتے ہوئے کہا کہ صحت کی سہولیات کی فراہمی میں ہلال احمر صوبہ میں نمایاں خدمات سرانجام دینے والا سر فہرست ادارہ ہے ،ہلال احمر کے تحت چلنے والے طبی مراکز مریضوں کو بہتر ین و معیاری طبی سہولیات فراہم کرنے میں مصروف عمل ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ غریب و دکھی انسانیت کی خدمت کا جذبہ انسان کو دوسروں سے ممتا ز کرتا ہے اور اس سے خدمت کے جذبہ سے سرشار انسان کی آخرت بھی سنور تی ہے ہمیں اسی جذبہ سے انسانیت کی خدمت کرنا ہوگی ۔

انہوں نے کہا کہ حکومت اپنے محدود وسائل میں رہتے ہوئے عوام کے فلاح و بہبو د کے منصوبوں پر کام کررہی ہے ،صوبہ میں بعض ادارے جذبہ انسانیت کے تحت عوام کی خدمات میں معمور ہیں جن سے مریضوں کو فوری ریلیف مل رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ہلال احمر کے منصوبوں میں بھرپور مدد اور تعاون فراہم کرے گی ۔ انہوں نے ہلال احمر کے’’ اسکول سیفٹی پروگرام‘‘ کو سراہتے ہوئے اس کا دائرہ مزید توسیع کرنے پر بھی زور دیا۔

متعلقہ عنوان :