وزیراعظم محمد نواز شریف کی ترکمانستان کے صدر قربان گلی بردی محمدیوف سے ملاقات

توانائی اور ٹرانسپورٹ انفراسٹرکچر کے شعبوں میں تعاون میں اضافہ کیلئے پاکستان کے مضبوط عزم کا اعادہ، تاپی گیس پائپ لائن پراجیکٹ پر کام جلد شروع کرنے کی ضرورت پر زور

بدھ 1 مارچ 2017 23:07

وزیراعظم محمد نواز شریف کی ترکمانستان کے صدر قربان گلی بردی محمدیوف ..
اسلام آباد ۔ یکم مارچ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 مارچ2017ء) وزیراعظم محمد نواز شریف نے ترکمانستان کے ساتھ توانائی اور ٹرانسپورٹ انفراسٹرکچر کے شعبوں میں تعاون میں اضافہ کے لئے پاکستان کے مضبوط عزم کا اعادہ کیا ہے اور (ترکمانستان‘ افغانستان‘ پاکستان‘ بھارت) تاپی گیس پائپ لائن پراجیکٹ پر کام جلد شروع کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

انہوں نے یہ بات ترکمانستان کے صدر قربان گلی بردی محمدیوف کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہی‘ جنہوں نے ای سی او کے 13ویں سربراہ اجلاس کے بعد بدھ کو یہاں ان کے ساتھ ملاقات کی۔ پاکستان نے پہلے ہی لیپس لازولی کوریڈور اور سنٹرل ایشیا ۔ مڈل ایسٹ کوریڈور میں شمولیت پر آمادگی کا اظہار کیا ہے۔ دونوں ممالک نے دوطرفہ تجارت میں اضافے پر بھی اتفاق کیا ہے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے ای سی او کے سربراہ اجلاس میں شرکت اور اس کی تجاویز کے لئے گرانقدر کردار پر ترکمانستان کے صدر سے اظہار تشکر کیا۔ سربراہ اجلاس کے کامیاب انعقاد پر وزیراعظم کو مبارکباد دیتے ہوئے ترکمانستان کے صدر نے کہا کہ انہیں سربراہ اجلاس کے نتائج پر بڑی خوشی ہے جس میں ای سی او کے مستقبل کی ترقی کے لئے راہ کی نشاندہی کی گئی ہے۔ وزیراعظم نے نومبر 2016ء میں اپنے اشک آباد کے انتہائی مفید دورے کا ذکر کیا۔ دونوں رہنمائوں نے اس دورے کے دوران اٹھائے گئے فیصلوں پر پیشرفت کا جائزہ لیا اور ان کے فیصلوں پر عملدرآمد پر اطمینان کا اظہار کیا۔ ترکمانستان کے صدر نے اپنے اور اپنے وفد کی پرتپاک مہمان نوازی پر وزیراعظم نواز شریف سے اظہار تشکر کیا۔